Live Updates

25 ․ جولائی پاکستان کی تاریخ میں موجودہ استحصالی اور کرپٹ نظام کے خاتمے کا دن ثابت ہوگا، راجہ راشد حفیظ

جمعرات 21 جون 2018 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے پی پی 16 سابق ایم پی اے راجہ راشد حفیظ نے کہاہے کہ 25 ․ جولائی پاکستان کی تاریخ میں موجودہ استحصالی اور کرپٹ نظام کے خاتمے کا دن ثابت ہوگا پاکستان تحریک انصاف چاروں صوبوں سے واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی ․ اقتدار میں آکر ادارہ جاتی اصلاح ہماری پہلی ترجیح ہوگی اور تمام سرکاری اداروں بشمول پولیس و محکمہ مال کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کر دیں گے ․ میرے حلقے کے عوام میری کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہیں ․ انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار اپنی انتخابی مہم کے دوران حلقے کی مختلف یونین کونسلوں میں منعقدہ کارنر اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ انہو ںنے کہا کہ ہم بلدیاتی نظام کو مضبوط اور فعال بنائیں گی․ ترقیاتی کاموں کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو با اختیار بنا کر فنڈز ان کے ذریعے خرچ کئے جائیں گے جو ہر علاقے کے عوام کی مشاورت سے ترجیحات طے کرکے عوامی مسائل حل کروائیں گے ․ انہو ںنے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے بنیادی عوامی مسائل کو پس پشت ڈال کر میگا ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جس کا مقصد کمیشن کا حصول تھا ورنہ آج میرے حلقے سمیت پورے ملک بالخصوص پنجاب میں عوام کو تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی اور انتہائی ضروری سہولیات دستیاب ہوتیں ․ ن لیگ نے جمہوری روح کو کچلتے ہوئے ترقیاتی فنڈز منتخب عوامی نمائندوں کی بجائے عوام کے مسترد شدہ اپنے منظور نظر لوگوں کو دئیے جنہو ںنے کرپشن کے ساتھ ساتھ اقرباء پروری کی اور فنڈز کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا ․ ہم اقتدار میں آ کر یہ سسٹم تبدیل کر دیں گے اور حقیقی معنوں میں عوام کو اقتدار میں شریک کریں گے اور علاقائی تعمیر و ترقی کا ان کو ہی ذمہ دار بنائیں گے ․ اس موقع پر مختلف برادریوں نے راجہ راشد حفیظ کو اپنی غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات