نوازشریف کی من مانی، بینک آف پنجاب کے بورڈز آف ڈائریکٹرز میں من پسند شخص میجر ریٹائرڈ مشتاق احمد کو ممبر بناڈالا

مشتاق احمد پر نیب کے کیسز ہیں اور اچھی شہرت کے حامل بھی نہیں ہیں لیگ حکومت کے جاتے ہی مشتاق احمد کو عہدے سے ریٹائر کردیا گیا

جمعرات 21 جون 2018 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) سابق نااہل وزیر اعظم نوازشریف نے بینک آف پنجاب کے بورڈز آف ڈائریکٹرز میں من پسند شخص میجر ریٹائرڈ مشتاق احمد کو ممبر بناڈالا ، مشتاق احمد پر نیب کے کیسز ہیں اور اچھی شہرت کے حامل بھی نہیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بینک آف پنجاب جو اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کی کوشش کررہاتھا جبکہ نوازشریف نے اسے ایک بار پھر کمزور کرنے کیلئے ایسے شخص کو بورڈز آف ڈائریکٹرز میں شامل کرایا جو پہلے سے ہی اچھی شہرت کا حامل نہیں تھا ۔

ذرائع کے مطابق بینک انتظامیہ پہلے ہی اسے بورڈز آف ڈائریکٹرز میں شامل کرنے پر تحفظات کا اظہار کرچکی تھی لیکن نوا زشریف نے تمام تر تحفظات کے باوجود انہیں بورڈز آف ڈائریکٹرز میں شامل کیا تاکہ دیگر محکمہ جات کی طرح وہ جاتے جاتے بینک آف پنجاب میں بھی اپنے من پسند شخص کو بٹھا سکیں ،تاہم ن لیگ حکومت کے جاتے ہی مشتاق احمد کو انکے عہدے سے ریٹائر کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سیکرٹری بورڈ بینک آف پنجاب رضا سعید کے نام لکھے گئے ایک خط میں 14جون 2017ء کے لیٹر کے حوالے سے کہا گیا ہے خزانہ و ترقی بارے کابینہ کی قائمہ کمیٹی نے اپنے 27 مئی دو ہزار اٹھارہ کو اجلاس میں ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل میجر ریٹائرڈ مشتاق احمد کو عمر سعید کی جگہ بینک آف پنجاب کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے منتخب ڈائریکٹر کے طور پر نامزدگی کی منظوری دی ، اس عمل کی منظوری شیئرز ہولڈرز کے ایک غیر معمولی اجلاس میں دی گئی لہذا اس محکمہ کی جانب سے قبل ازیں اٹھائیس نومبر دو ہزار سترہ کو جاری کئے گئے لیٹر کو منسوخ یا واپس لیا جائے اور مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ۔