کراچی،بارشیں نہ ہونے کے سبب حب ڈیم میں پانی کی کمی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے واٹربورڈ کے پیشگی اقدامات مکمل

جمعرات جون 21:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2018ء) بارشیں نہ ہونے کے سبب حب ڈیم میں ہونے والی پانی کی کمی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے واٹربورڈ نے پیشگی اقدامات مکمل کرلیئے ہیں ،ایم ٰڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر ڈیم کی نچھلی سطح سے پانی حاصل کرنے کیلئے جدید پمپس کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ پانی کی کمی سے متاثرہ ان علاقوں کو فراہمی آب جاری رکھنے کیلئے کینجھر جھیل کے نظام آب سے بھی پانی کی فراہمی جاری ہے، تفصیلات کے مطابق بارشیں نہ ہونے کے سبب حب ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچنے کے قریب ہے ،حب کے نظام آب سے منسلک علاقوں کو پانی کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے واٹربورڈ نے پیشگی اقدامات شروع کردیئے ہیں ، حب ڈیم کی نچھلی سطح سے پانی کے حصول کیلئے واٹربورڈ تیزرفتاری سے جدید پمپس نصب کررہا ہے جس سے ایک اندازے کے مطابق حب کے نظام آب سے منسلک شہر کے مختلف علاقوں کو یومیہ 30 سے 35 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہوگی ،اس کے علاوہ کینجھر جھیل کے K-iii نظام آب سے بھی ان علاقوں کو منسلک کرکے پانی کی فراہمی جاری رکھی جارہی ہے۔

#

متعلقہ عنوان :