واٹر ریزور ٹینک گوٹھوں کے رہائشیوں کیلئے عظیم منصوبہ ہے، جان محمد بلوچ

جمعرات 21 جون 2018 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر میں ترقیاتی کاموں کا جھال بچھادیا ہے، یوسیز میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہم نے یہ نہیں دیکھا کہ اس یوسی کا چیئرمین یا وائس چیئرمین پاکستا ن پیپلز پارٹی سے ہے یا کسی اور سیاسی جماعت سے بلکہ ہم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور پر عمل کرتے ہوئے ہر یوسی کو برابری کی بنیاد پر فنڈز فراہم کئے ہیں ، عوام کی ضروریات کے مطابق ہم نے یوسیز میں فراہمی و نکاسی آب ، روڈ ، پارک ، گرائونڈ ، اسکول ، ڈسپنسریز کے کئی مکمل منصوبوں کا افتتاح کر دیا ہے اور باقی مقررہ وقت کے مطابق مکمل ہو رہے ہیں ، ان ہی منصوبوں میں سے شرافی گوٹھ میں واٹر ریزرو ٹینک کا تعمیراتی کام آج مکمل ہو گیا ہے، واٹر ریزور ٹینک سے پانی کی ڈسٹربیوشن لائنوں کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا ، ریزور ٹینک میں لاکھوں گیلن پانی زخیرہ کرنے کی گنجائش موجود ہے، یہ منصوبہ شرافی گوٹھ اور اطراف کے تمام گوٹھوں کے رہائشوں کیلئے ایسا عظیم منصوبہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں ، پانی قیمتی بنیادی ضرورت ہے، جس سے گوٹھوں کے مکین انشاء اللہ جلد فیضیاب ہوں گے، بلدیہ ملیر کو ماڈل ضلع بناکر رہیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم، لیڈی کونسلر زیب النساء بلوچ کے ہمراہ یوسی شرافی گوٹھ میں واٹر ریزورٹینک کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ایکس ای این اقبال ڈائری،اے ای ای محمد جمیل ، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین بلدیہ ملیر کو ایکس ای این نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واٹر ریزور ٹینک کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے، پانی کی مین لائن سے کنکشن دے کر واٹر ریزور ٹینک تک پانی پہنچا دیا گیا ہے، واٹر ریزور ٹینک سے گوٹھوں کو پانی کی ڈسٹریبوشن لائنوں پر کام جاری ہے۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے ایکس ای این کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹر بیوشن لائنوں کی بچھائی ہنگامی بنیادوں پر کی جائے، واٹر ریزور ٹینک پر پمپ و موٹر کی تنصیب فوری یقینی بنائی جائے، واٹر سپلائی کیلئے بجلی کی فراہمی کا جلد ازجلد انتظام کیا جائے، واٹر ریزور ٹینک منصوبے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔#