مریدوں کے خون پر پلنے والے سیاسی مچھروں کو شکست دیں گے ،ْبلاول بھٹو

بے نظیر کی شہادت بھی بے نظیر تھی ،ْہم نفرت کی نہیں اصولوں اور عوام کی سیاست کرتے ہیں ،ْ خطاب

جمعرات 21 جون 2018 22:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بننے والے سیاسی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مریدوں کے خون پر پلنے والے سیاسی مچھروں کو انتخابات میں شکست دیں گے۔لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بے نظیر کی شہادت بھی بے نظیر تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ فتح اہم ہوتی ہے مگر اصول اس سے بھی زیادہ اہم ہوتے ہیں، ہم نفرت کی نہیں اصولوں اور عوام کی سیاست کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ تاریخ کا جبر ہے کہ آج بھی ہمارا مقابلہ ضیاء الحق اور مشرف کی باقیات سے ہے، ایک نے اداروں سے جنگ شروع کی تو دوسرے نے گالیاں دینا شروع کر دیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ میں بننے والے سیاسی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ سیاسی مچھروں کی لائنیں لگ گئی ہیں لیکن ان سیاسی مچھروں کے حملوں کو پسپا کر دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی مچھر اپنے مریدوں کے خون پر پلتے ہیں اور محسنوں سے غداری کرتے ہیں، یہ سیاسی مچھر چور دروازوں سے آنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی مچھر پہلے بھی آتے رہے اور شکست کھاتے رہے، سندھ کے عوام انہیں جانتے ہیں۔