میرپور بٹھورو کے رہائشی اور کاشت کاروں کا پانی کی شدید قلت کے خلاف سجاول ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 21 جون 2018 22:20

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) سجاول ضلع کے تحصیل میرپوربٹھورو کے رہائشیوں اور کاشت کاروں نے نہری پانی کی شدید قلت کے خلاف جھوک شریف میں ٹنڈو محمد خان سجاول ہائی وے پر جمع ہوکر محکمہ آبپاشی اپر پنیاری ڈویزن کے افسران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت لال بخش جتوئی ، رمضان جتوئی ، امتیاز اور دیگر نے کی۔

مظاہرین نے دھرنا دیکر ہائی وے کو بلاک کردیا جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ محکمہ آبپاشی اپر پنیاری ڈویزن کے افسران کی غفلت اور نااہلی کے باعث گنج بحر نہر کے کاشتکاروں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نہر میں پانی کی عدم دستیابی کے باعث کاشتکاروں کی ہزاروں ایکڑ زرعی زمین بنجر ہوچکی ہے جس سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ کاشتکاروں کے احتجاج کے باعث ہائی وے کئی گھنٹوں تک بلاک رہا۔ آخری اطلاعات کے مطابق دھرنا جاری تھا اور محکمہ آبپاشی سمیت انتظامیہ میں سے کوئی بھی متعلقہ افسر مظاہرین کے پاس نہیں پہنچا۔