الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا اور کرایا جائے گا،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

جمعہ 22 جون 2018 07:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اسلام آباد سہیل ناصر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری شدہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا اور کرایا جائے گا۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس جان محمد، چیف کمشنر اسلام آباد جودت ایاز، چیئرمین سی ڈی اے عثمان اختر باجوہ، ایس ایس پی (آپریشن) نجیب الرحمن بھگوی، ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید، اے آئی جی سپیشل برانچ لیاقت حیات خان نیازی، ڈائریکٹر آئی بی اعجاز رسول، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) سعد بن اسد، ریٹرننگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کو صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں بننے دیا جائے گا اور اس کے عملدرآمد کرانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بہت جلد امیدواران کے ساتھ ایک اجلاس رکھا جائے گا جس میں ان کو ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ اور ان سے مکمل تعاون کی درخواست کی جائے گی۔ یاد رہے کہ تمام امیدواران نے اپنے نامزدگی فارم اور بیان حلفی میں اس بات کا اقرار کیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کریں گے۔

اجلاس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے نتائج پر بھی غور کیا گیا کہ اس صورت میں امیدوار کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ریفرنس ارسال کیا جا سکتا ہے۔ تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ضابطہ اخلاق کے عملدرآمد کے سلسلہ میں تمام امیدواران اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا اور تمام معاملات میں شفافیت کا عنصر واضح نظر آنا چاہئے۔ اجلاس میں دیگر معاملات جو کہ سیاسی جماعوں کے جلسے و جلوس، کارنر میٹنگ بروقت اپنے پروگرام کی اطلاع اور متعلقہ حکام سے اجازت پر بھی غور کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔