بلوچستان میں صاف شفاف انتخابات کا انعقادحکومت کی اولین ترجیح ہے، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری

جمعہ 22 جون 2018 07:10

کوئٹہ۔21جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علائوالدین مری نے کہاہے کہ بلو چستان میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد حکومت کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت الیکشن کمیشن سے بھر پور تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ مکمل طور پر غیر جانبدارانہ انتخابی عمل کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی منظوری سے انتظامی افسران کے تبادلے سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور آئندہ بھی ضرورت کے مطابق تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت انتخابات کے منصفانہ انعقاد کیلئے غیر جانبدارنہ کردار ادا کرتی رہیگی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کا بنیادی حق ہے کہ انہیں اپنی ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالنے کا پورا موقع فراہم کیاجائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتخابات کے دوران حالات کو پرامن رکھتے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کا بھرپور تعاون حکومت کو حاصل ہے ۔نگراں وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تمام اداروں کے تعاون اور عوام کی مکمل معاونت سے پرامن منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے میں کامیاب ہوں گے تاکہ قوم ایک زیادہ مستحکم جمہوری عمل کاآغاز کرسکے۔