ایم ایم اے کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے نمائندوں کے نام فائنل،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے کمیٹی قائم

جمعہ 22 جون 2018 07:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ایم ایم اے کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے اپنے نمائندوں کے نام فائنل کر دیئے ہیں جبکہ دوسری جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے سلسلے میںامیر ضلع کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی ہے، تمام نمائندوں کو فوری طور پراپنی اپنی الیکشن مہم شروع کرنے کاسگنل دے دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہنگامی طور پر بلائی گئی ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے سید عارف شیرازی نے کہا کہ ایم ایم اے کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے والے راولپنڈی شہر اور کینٹ سے جماعت اسلامی کے نمائندوں این اے 60 سے قاضی محمد جمیل، این ای61 سے چوہدری ظفر یاسین، پی پی 14 سے رضوان احمد، پی پی 16 سے محمد حنیف چوہدری اور پی پی 17 سے رضا احمد شاہ کے نام فائنل کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں نائب اُمراء سید عزیر حامد، شیخ مسعود احمد، ضلعی جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان اور صدر سیاسی کمیٹی ہارون رشید شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی کے حلقے کی سطح پرورکرز کنونشن اور اجتماعات ارکان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جولائی کے وسط میں ایم ایم اے کی سطح پر لیاقت باغ میں بڑا جلسہ عام ہوگا جس سے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔

سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر بھر پور انداز میں الیکش مہم چلائی جائے گی۔عوام کرپٹ اور آزمائے ہوئے لوگوں کی بجائے اپنے مسائل کے حل کے لئے ایم ایم اے کے نمائندوں کو کامیاب بنائیں۔