سابق صدر پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا

پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے مستعفی ہو کر استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بھجوادیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 جون 2018 11:19

سابق صدر پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2018ء) : سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویزمشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان نے بتایا کہ پرویزمشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جنرل (ر) پرویز مشرف نے پارٹی صدارت سے مستعفی ہوکر اپنا استعفیٰ الیکشن کمیشن کو بجھوادیا ۔

پرویز مشرف نے یہ استعفیٰ لاہور ہائی کورٹ میں اپنے خلاف دائر درخواست پر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ پرویز مشرف نا اہل ہونےکی وجہ پارٹی کی قیادت نہیں کرسکتے۔ پرویزمشرف کی نااہلی پارٹی رجسٹریشن میں رکاوٹ بن رہی تھی۔جس کے بعد ریٹرننگ افسرکی جانب سے نا اہل قرار پانے پر پرویزمشرف نے پارٹی صدارت کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور مستعفی ہو گئے تاہم جنرل (ر) پرویز مشرف آل پاکستان مسلم لیگ کے سرپرست ضرور رہیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت ڈاکٹر امجد کو سونپ دی گئی ہے۔ ڈاکٹر امجد اس سے قبل آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل تھے۔ ڈاکٹر امجد آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر جبکہ جنرل مہرین آدم کو پارٹی کا سیکرٹری بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ 2010ء میں قیام ہذیر ہوئی۔اس پارٹی کی لانچنگ لندن میں کی گئی تھی۔

پارٹی کا سینٹرل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں واقع ہے۔ پارٹی کے کوآرڈینیٹراحمد رضاخان قصوری ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کی سینیٹ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے تاہم گذشتہ قومی اسمبلی میں اس پارٹی کے پاس صرف ایک سیٹ تھی۔ صوبائی اسمبلی میں بھی چترال سے اس پارٹی کے پاس ایک سیٹ ہی تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم نوازشریف کو بھی سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن کی صدارت سے ہاتھ دھونا پڑا تھا ، نواز شریف کو پارٹی صدارت کے عہدے سے ہٹا کر انہیں مسلم لیگ ن کا تاحیات قائد ہونے کا عہدہ دے دیا گیا تھا۔