پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن منگل کو منایا جائے گا

جمعہ جون 12:46

فیصل آباد۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد منشیات کا عالمی دن26جون بروز منگل کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔اس دن کے منانے کا مقصد یہ ہے کہ جو لوگ منشیات کا استعمال کر تے ہیںانہیں منشیات کے مضر اثرات ، اس سے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات اور منشیات کے استعمال سے روکا جا سکے۔ انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر مختلف سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، کانفرنسز ، سیمینارز ، واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔

پنجاب میڈیکل کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین طب نے بتا یاکہ اگرچہ منشیات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر کئی قوانین موجود ہیں اور انسداد منشیات کے بہت سے نیٹ ورک بھی قائم کئے گئے ہیں لیکن پھربھی یہ لعنت دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 26جون کے یوم انسداد منشیات کے موقع کی مناسبت سے ملک میں منشیات کے استعمال کے خلاف معاشرے کے تمام طبقات کو سوسائٹی میں شعور عام کرنے میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اکثر لوگوں کو یہ علم ہی نہیں ہے کہ منشیات کے عادی افراد کا علاج کر کے انہیں نشے کی لت سے کیسے بچایا جا سکتا ہے۔انہوںنے بتا یاکہ ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 70سے 80لاکھ افراد اس لعنت کا شکار ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ حالیہ سروے کے مطابق ملک میں ہیروئن کا استعمال کرنے والوں کی تعداد 3لاکھ ہے جن میں 15فیصد انجکشن کے ذریعے نشہ کرتے اور نشہ کرنے والوں کی عمریں 15سے 35سال تک ریکارڈ کی گئیں۔