نئی آنیوالی حکومت مضبوط پاکستان کیلئے مشاورت سے’’ میثاق معیشت ‘‘ کرے ‘آ ل پاکستان انجمن تاجران

پر امن ماحول میں انتخابات کے انعقادکیلئے ہر کسی کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا ‘ صدر اشرف بھٹی

جمعہ 22 جون 2018 13:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے تمام پالیسیوں کا از سرنو جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا ، نئی آنے والی حکومت وقت ضائع کئے بغیرتمام سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے’’ میثاق معیشت ‘‘ کیلئے عملی پیشرفت کرے اور یہ اقدام مضبوط پاکستان کی بنیاد ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ اگرپاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانا ہے تو معیشت کی ترقی پر فوکس کرنا ہوگا اور اسی سے آگے بڑھنے کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے ہاں ایڈ ہازک پر مبنی پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں جو نقصان کاباعث ہیں ۔ معیشت کی ترقی کیلئے تمام پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا اور مشاورت اور اتفاق رائے سے ’’ میشاق معیشت ‘‘ کیا جائے جس میں حالات کے مطابق نکات تیار کئے جائیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر برادری پر امن ماحول میں عام انتخابات کی خواہاں ہے اور اس کیلئے ہر کسی کو انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ انتشارپر مبنی حالات کسی طرح بھی ملک کیلئے سود مند ثابت نہیںہوں گے۔