پرویز مشرف نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ڈاکٹر امجد آل پاکستان مسلم لیگ کے نئے سربرا ،ْ مہرین آدم سیکرٹری جنرل مقرر پرویز مشرف پارٹی کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے ،ْ ذرائع

جمعہ 22 جون 2018 13:23

پرویز مشرف نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا
ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف نے پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے دیئے گئے نااہلی کے فیصلے کے بعد استعفیٰ دیا، انہوں نے اپنا استعفیٰ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی بھجوا دیا۔

سابق صدر کے اے پی ایم ایل کی سربراہی سے مستعفی ہونے کے بعد ڈاکٹر امجد کو جماعت کا نیا سربراہ جبکہ مہرین آدم کو سیکریٹری جنرل مقرر کردیا گیا۔اس حوالے سے پارٹی کے نئے سربراہ ڈاکٹر امجد نے کہاکہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف، 18 جون کو پارٹی کی سربراہی سے مستعفی ہوگئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد 20 جون کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے اے پی ایم ایل کے نئے سربراہ کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اے پی ایم ایل کے جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات شہزاد ستی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ پرویز مشرف نے مستعفی ہونے کا فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے ان کی اہلیت کا فیصلہ التوا میں ڈالنے کے بعد کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف پارٹی کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے۔ڈاکٹر امجد کے مطابق پرویز مشرف نے استعفیٰ اس لیے دیا کہ وہ بیرون ملک رہ کر پارٹی نہیں چلا پا رہے تھے اس لیے انہوں نے پارٹی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیتے ہوئے مجھے نیا پارٹی چیئرمین نامزد کیا ہی'۔

ڈاکٹر امجد نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت سے نااہلی ختم نہیں ہوئی تھی۔خیال رہے کہ 2013 کے انتخابات میں سابق صدر پرویز مشرف نے چترال سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، تاہم پشاور ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کو انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دے دیا تھا تاہم 7 جون 2018 کو سپریم کورٹ نے سابق پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت میں سابق صدر کو بلاتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی بھی وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ پرویز مشرف کاغذات نامزدگی جمع کروانے پاکستان آئیں تو انہیں گرفتار نہیں کیا جائیگا ،ْ عدالت عظمیٰ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پرویز مشرف ملک میں آکر کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے تو کاغذات وصول کرلیے جائیں گے جس کے بعد 8 جون 2018 کو آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف الیکشن 2018 میں 4 حلقوں سے حصہ لیں گے، جس کے لیے انہوں نے چترال، کراچی، لیہ اور گوادر سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے تھے۔

11 جون 2018 کو سپریم کورٹ نے سابق صدرِ مملکت اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کا قومی شناختی کارڈ (این ا?ئی سی) اور پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم دیا تھا تاہم 14 جون کو سپریم کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق دیا گیا عبوری حکم واپس لے لیا تھا۔