این ایچ اے نے کوہاٹ ٹنل پلازہ سمیت موٹر ویز اور ہائی ویز پر قائم تمام ٹول پلازوں پر ٹول ریٹس بڑھا دیئے

جمعہ 22 جون 2018 13:26

بانڈہ داؤدشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای) نے کوہاٹ ٹنل پلازہ سمیت موٹر ویز اور ہائی ویز پر قائم تمام ٹول پلازوں پر ٹول ریٹس بڑھا دیئے جو نئے مالی سال کے آغاز پر یکم جولائی2018 سے نافذالعمل ہوں گے۔ اس ضمن میں این ایچ اے نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق نیشنل ہائی ویز(N-55 & 75)‘اسلام آبادپشاورموٹر وی( M-1)‘ پنڈی بھٹیاں گوجرہ موٹر وی(M-4 )اورکوہاٹ ٹنل پر ٹول ریٹس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

حاصل کئے گئے معلومات کے مطابق نیشنل ہائی ویز ‘موٹرویز اورکوہاٹ ٹنل پر ٹول کے نرخوں میں 9سے 38 فیصد تک اضافہ کردیا گیاہے ۔ انڈس ہائی وے (N-55) پر قائم کوہاٹ ٹنل پلازہ پرسب سے زیادہ بسوں کے ٹول نرخوں میں38 فیصد اضافہ کردیا ہے جو موجودہ210 روپے سے بڑھا کرنیا ریٹ 290 روپے کردیا گیا ہے جبکہ 2 ایکسل اور 3 ایکسل ٹرک کے ٹول نرخوں میں 21 فیصد اضافہ کرکے نیا نرخ 290 روپے مقررکیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

موٹر کار کا ٹول ریٹ17فیصداضافہ کے ساتھ60روپے سے بڑھاکرنیاریٹ70روپے کردیاگیاہے۔اسی طرح ویگن / ہائی ایس کے ٹول ریٹس میں تقریباً14 فیصداضافہ کرکے موجودہ ٹول ریٹ 210 روپے سے بڑھا کر نیا ریٹ240روپے کردیا گیا ہے جبکہ بڑے ٹرا لروں کے ٹول ریٹ میں 13 فیصد اضافہ کرکی390 روپے سے بڑھاکرٹول ڑیٹ440 روپے مقررکردیا گیا ہے۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اسلام آباد موٹروے (M-1) پر بھی گزرنے والی مختلف گاڑیوں کے لئے ٹول ریٹس میں اضافہ کردیا ہے جس کے مطابق موٹرکارکے ٹول ریٹ میں 20 روپے اضافہ کرکے نیا ریٹ 240 روپے مقرر کردیا ہے جبکہ بارہ سیٹوں والے ہائی ایس/ویگن اور تیرہ سے چوبیس سیٹوں والی منی بس/کوسٹر کے ٹول ریٹ میں 60 اور50 روپے کا اضافہ کرکے نئے ریٹ بالترتیب 400 اور550 روپے کئے گئے ہیں۔

بس کے ٹول ریٹ میں 80 روپے کااضافہ کرکے نیا ریٹ 790 روپے مقررکردیا گیا ہے۔ 2اور3 ایکسل ٹرک کے ٹول ریٹ میں 110 روپے کا اضافہ کرکے نیا ٹول ریٹ 1040 روپے جبکہ بڑے ٹرالوں کا ٹول ریٹ 140 روپے بڑھا کر1270 روپے مقررکردیا گیا ہے۔این ایچ اے کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق نیشنل ہائی ویز پرٹول ریٹس بھی بڑھا دیئے گئے ہیں جہاں موٹرکار کے ٹول ریٹ 30 روپے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے تاہم ویگن‘ بس اور ٹرک کے ٹول ٹیکس میں صرف 10 روپے جبکہ بڑے ٹرالر کے ٹول ریٹ میں30 روپے اضافہ کرکے نیا ٹول ریٹ 250 روپے مقررکیا گیا ہے۔

ایک بڑے ٹول پلازہ پر موجودایک اہلکار نے دعویٰ کیا کہ جب سے این ایچ اے کے ساتھ ملکر فرنٹیئر ورکس آرکنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے ٹول پلازوں کا چارج لیا ہے‘ ٹول کی مد میںکرپشن ختم کرکے ٹول ٹیکس وصولی میں دٴْگنا اضافہ ہوگیا ہے جو ملکی خزانہ کے لئے بہت مثبت پیش رفت ہے۔

متعلقہ عنوان :