دُبئی:نشے میں بدمست مراکشی خاتون نے پولیس والی کو مار پیٹ کا نشانہ بنا ڈالا

ملزمہ کو نشے کی حالت میں ہونے کے باعث گرفتار کیا گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 جون 2018 13:17

دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جُون 2018ء) پیڈی کیورسٹ کے پیشے سے جُڑی 24 سالہ مراکشی خاتون نے پولیس تھانے میں موجود پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی تذلیل و توہین کرنے کے علاوہ اُسے دھمکیاں بھی دیں۔ تفصیلات کے مطابق فروری 2018ء میں مقامی تھانے میں ایک 24 سالہ مراکشی خاتون کو نشہ کے جُرم میں لایا گیا تھا۔ پولیس اہلکاروں نے خاتون پولیس اہلکار سے کہا کہ وہ مراکشی خاتون کو ہتھکڑیاں لگا دے اور اسے نشہ کے ٹیسٹ کے لیے مخصوص مقام پر لے جائے۔

جب خاتون اہلکار نے مراکشی ملزمہ کو ہتھکڑیاں لگانے اور نشہ ٹیسٹ کے لئے لے جانے کی کوشش کی‘ تو اس پر مراکشی خاتون غضبناک ہو کر خاتون اہلکار پر حملہ آور ہو گئی۔ خاتون پولیس اہلکار کی جانب سے ہتھکڑیاں لگانے کی کوشش کے دوران مراکشی خاتون نے اُسے لات رسید کی‘ گالیاں بکیں اور بُرے نتائج کی دھمکیاں دیں۔

(جاری ہے)

مراکشی خاتون کی چند منٹ کی مزاحمت کے باعث بالآخر خاتون اہلکار اُسے ہتھکڑیاں لگانے میں کامیاب ہو گئی اور اُسے الکوحل ٹیسٹ کے لیے لے جایا گیا۔

عدالت میں استغاثہ کی جانب سے مراکشی ملزمہ پر پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنانے‘ دھمکیاں دینے اور مغلظات بکنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔جبکہ ملزمہ نے اپنے بے قصور ہونے کی دُہائی دے دی اورخاتون جج کے سامنے اپنے معصوم ہونے پر مسلسل اصرار کرتی رہی۔ متاثرہ خاتون پولیس اہلکار نے بتایا کہ ملزمہ نے اُسے لات ما ر کر زخمی کیا ‘کمر پر بھی مار پیٹ کی اور مغلظات سے بھی نوازا۔

بعد میں ملزمہ نے اپنے جارحانہ طرزِ عمل پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُسے معاف کر دے‘ کیونکہ اُس نے جو کچھ بھی کیا‘ وہ ہوش میں نہیں بلکہ نشے کی حالت میں کیا۔ یہاں تک کہ ملزمہ نے مجھے کہا کہ اگر میں اُسے معاف کر دیتی ہوں تو وہ میرے پیر چُومنے کو بھی تیار ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ 26 جُون 2018ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :