سردار ایاز صادق کا الیکشن کمیشن کو این اے 129کے ریٹرننگ افسر کیخلاف خط،

قبل از الیکشن دھاندلی کا الزام ریٹرننگ افسر غلام مرتضیٰ مکمل طور پر جانبدار ہیں ،سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کررہے ہیں،تبدیل کیا جائے اگر یہ ریٹرننگ افسر برقرار رہے تو اسکی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے‘سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 22 جون 2018 14:44

سردار ایاز صادق کا الیکشن کمیشن کو این اے 129کے ریٹرننگ افسر کیخلاف خط،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر کی تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے قبل از انتخابات دھاندلی کا الزام لگادیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا گیا ہے جس میں لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر غلام مرتضیٰ اپل کے خلاف شکایات درج کرائی گئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کررہے ہیں، مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا گیا جبکہ علیم خان کو استثنیٰ دے دیا گیا، پھر ہمارے احتجاج پر علیم خان کو 19 جون کو بلایا گیا۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ علیم خان کے پیش ہونے پر ریٹرننگ افسر نے کہا کہ آپ کیوں آئی آپ جائیں اپنی مہم چلائیں، علیم خان کو کہا گیا کہ آپ کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں جبکہ مجھ سے انتہائی توہین آمیز سوالات کیے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سے کوئی تعلق نہیں تھا، میرے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات اور ترقیاتی کام کے بارے میں غیر ضروری سوالات کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے ریٹرننگ افسر غلام مرتضی اپل کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ریٹرننگ افسر برقرار رہے تو یہ قبل ازانتخابات دھاندلی ہوگی اور ہم اس ریٹرننگ افسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔