ٹرائل کورٹ بنیاد ہے، جج صاحبان کو ان عدالتوں میں عوام کو انصاف کی فراہمی میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے، نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے 41 زیر تربیت سول ججز/جوڈیشل مجسٹریٹس کے گروپ سے گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 14:49

ٹرائل کورٹ بنیاد ہے، جج صاحبان کو ان عدالتوں میں عوام کو انصاف کی فراہمی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ بنیاد ہے اور جج صاحبان کو ان عدالتوں میں عوام کو انصاف کی فراہمی میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بات خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے 41 زیر تربیت (پری سروس) سول ججز/جوڈیشل مجسٹریٹس کے گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے نوتعینات جوڈیشل افسران کا خیرمقدم کرتے ہوئے عدلیہ میں ان کی شمولیت پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے افسران کو نگران حکومت کے امور کار اور مینڈیٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کی گزشتہ اور موجودہ انتظامیہ کی جوڈیشل اکیڈمی کی ترقی اور نئے عدالتی افسران کی معیاری تربیت کو یقینی بنانے کے لئے گرانقدر خدمات کی بھی تعریف کی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے زیر تربیت افسران کے مختلف سوالوں کے جواب بھی دیئے۔