سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں، نیول چیف

جمعہ جون 15:14

سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں، نیول چیف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ جوان اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے لئے رہنمائی اسلام اور نظریہ پاکستان سے حاصل کریں، سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں، ہمیں بحری وسائل سے استفادہ کرنے کا ادراک ہونا چاہئے، ہم میری ٹائم سیکٹرز کے وسائل کو ٹھیک طریقے سے استعمال کریں تو ہم اپنی جی ڈی پی کو تین گنا کر سکتے ہیں۔

جمعہ کو پاکستان نیو ی وار کالج لاہور میں کورس کے شرکااور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کورس کے شرکاافسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ علم کو قرآن و سنت کی روشنی میں بروئے کا ر لاتے ہوئے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کریں۔اس موقع پر نیول چیف نے پاکستان نیوی سے متعلق اپنے وژن اور پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں لیکن ہمیں بحری وسائل سے استفادہ کرنے کا ادراک ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے کہا کہ وسائل کے حصول اور دنیا پر اپنی بالادستی قائم کرنے کے لئے ملکو ں کے درمیان نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں ۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ اگر ہم میری ٹائم سیکٹرز کے وسائل کو ٹھیک طریقے سے استعمال کریں تو ہم اپنی جی ڈی پی کو تین گنا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری مستقبل قریب کی ترجیحات میں میری ٹائم سائنس اور ٹیکنالوجی پارک بنانا شامل ہے جو پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا پارک ہو گا۔اس موقع پر نیول چیف نے یاد گارِ شہداپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔