جمال لغاری سے سوال کرنے والا نوجوان مشکل میں آگیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 جون 2018 14:53

جمال لغاری سے سوال کرنے والا نوجوان مشکل میں آگیا
ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2018ء) : ڈیرہ غازی خان میں جمال لغاری سے سوال کرنے والا اور انہیں ووٹ کا مطلب سمجھانے والا نوجوان مشکل میں پھنس گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دو روز قبل ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے لغاری قبیلے کے سربراہ سابق ایم این اے سردار جمال لغاری ڈیرہ غازی خان کے علاقے رونگھن میں اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب جمال لغاری کے حلقے کے لوگوں نے ان کی گاڑی روک لی اور حلقے میں آمد پر شدید احتجاج کیا،اس دوران ایک ووٹر نے جمال لغاری سے سوال کیا کہ آپ پانچ سال کہاں تھے؟ جس کا جمال خان لغاری کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔

لیکن اب جمال لغاری سے سوال کرنے والے ووٹر کو سخت مشکل کا سامنا ہے ۔ مقامی نوجوان سیف الدین کا کہنا ہے کہ مجھ دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ میں جمال لغاری سے معافی مانگوں اور صرف معافی ہی نہیں بلکہ ان کے حق میں ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کروں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو میں سیف الدین نے بتایا کہ مجھ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ میں جمال لغاری سے معافی مانگوں،اور لغاری قبیلے کے سردار کے حق میں ویڈیو پیغام جاری کرنے کرنے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔

سیف الدین نے بتایا کہ مجھے سوشل میڈیا اور دیگر طریقوں سے دھمکایا جارہا ہے،مجھے کہا جا رہا ہے انتخابات ہو جانے دو پھر تمہیں دیکھ لیں گے۔ خیال رہے کہ ڈیرہ غازی خان میں لغاری قبیلہ کے چیف اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار جمال لغاری تعزیت کے لیے قبائلی علاقہ رونگھن پہنچے تو انہیں مقامی نوجوانوں نے گھیر کر ان سے سابقہ کارکردگی پر سوالات کیے۔ جمال لغاری نے مقامی افراد کی جانب سے کیے جانے سوالات پر سخت رد عمل اپنایا جس پر انہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ عام انتخابات 2018ء سے قبل انتخابی مہم کا آغاز ہوچکا ہے اور انتخابی مہم چلانے کے لیے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز نے اپنے اپنے حلقوں کا رُخ کر لیا ہے۔