ہزارہ کے سابق ممبران اسمبلی نے ہزارہ کیلئے آنے والا نوکریوں کا کوٹہ فروخت کیا، ملک روحیل اعوان

جمعہ جون 15:17

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) ایبٹ آباد کے حلقہ این اے 16 سے آزاد امیدوار ملک روحیل اعوان نے کہا ہے کہ ہزارہ کے سابق ممبران اسمبلی نے ہزارہ کیلئے آنے والا نوکریوں کا کوٹہ فروخت کیا، ہزارہ کے نوجوانوں کو بھرتیوں میں مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، ضلع ناظم ایبٹ آباد کی جنگ میں ایبٹ آباد کو اربوں کے ترقیاتی فنڈ سے محروم کر دیا گیا، حلقہ کے عوام مورثی سیاست کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ایبٹ آباد کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، دیہی علاقوں میں ہسپتال نہ ہونے کے باعث مریض ایبٹ آباد پہنچاتے ہوئے راستہ میں دم توڑ رہے ہیں، عوام نے موقع دیا تو وہ ایبٹ آباد کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کے عوام مورثی سیاست سے عاجز آ چکے ہیں، اس مرتبہ عوام مورثی سیاست کو دفن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد سے منتخب ہو کر وزارتوں کے مزے اڑانے والوں نے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی بجائے صرف اپنی تجوریاں بھرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے، ہزارہ کیلئے آنے والے نوکریوں کا کوٹہ اٹک پار جا کر فروخت کر دیا جاتا ہے، ایبٹ آباد کے محکموں میں اٹک پار سے بھرتیاں ہو رہی ہیں، ایبٹ آباد کے پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں اٹھائے نوکریوں کیلئے دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

ملک روحیل اعوان نے کہا کہ اگر حلقہ کے عوام نے موقع دیا تو وہ دیہی علاقوں کیلئے ایمبولنس سروس کا اجراء کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، ایبٹ آباد میں پانی کی قلت ختم کرنے کیلئے ٹھوس اور جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے، ایبٹ آباد کے نوجوانوں کو ایبٹ آباد میں ہی روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔