مقبوضہ کشمیر‘ قابض انتظامیہ نے سرینگر میں سیکورٹی سخت کر دی

جگہ جگہ چوکیاں قائم کر کے لوگوں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعہ 22 جون 2018 16:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںقابض انتظامیہ نے سرینگر شہر میں سیکورٹی کے اقدامات سخت کرتے ہوئے گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس نے سرینگرمیں لال چوک،سول لائنز ، مولانا آزاد روڈ اوردیگر کئی مقامات پر چوکیاں قائم کی ہیں جہاں راہگیروں اور مسافروں کی جامہ تلاشی کے علاوہ انکے شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں جبکہ گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ رام باغ ،برزلہ باغات ،بٹہ مالو ، بائی پاس روڈ، پارم پورہ کراسنگ ،پانتہ چھوک اور دیگر علاقوںمیں بھی کئی مقامات پر چیکنگ کی جارہی ہے۔۔پولیس اہلکار گاڑیوں کو روک کر مسافروں کو نیچے اتار کر انکی جامہ تلاشی لیتے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں کئی کئی گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑا ہو نا پڑتا ہے۔شہر کے حساس مقامات پر بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں اور خاص طور پرشہرکے داخلی راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے اور رکاوٹیں کھڑی کر کے گاڑیوں کو روکا جارہا ہے اورمسافروں اور گاڑیوںکی تلاشی لی جارہی ہے۔