کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عرب باشندہ منشیات کی بڑی مقدار برآمد ہونے پر گرفتار

ملزم نے منشیات سے بھری دس ہزار گولیاں اپنی واسکٹ میں چھُپا رکھی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 جون 2018 16:06

کویت( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جُون 2018ء) کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کسٹم حکام نے ایک عرب باشندے کی تلاشی کے دوران ساڑھے تین کلو گرام مقدار کی منشیات برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ملزم دُوسرے مُلک سے کویت آیا تھا اوراس کے پاس منشیات کی اچھی خاصی مقدار تھی۔ خفیہ اطلاع ملنے پر ملزم کو روک کر اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس کے سامان سے نشے سے بھری گولیاں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دس ہزار سے زائد گولیاں اپنی واسکٹ میں چھُپا رکھی تھیں جو اس نے پہن رکھی تھی۔ ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ جب کہ دو اور کارروائیوں کے دوران بھی ایک عرب باشندے اور ایک افریقی خاتون کے سامان سے منشیات برآمد ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ کسٹمز ڈائریکٹر ولید النصیر نے بتایا کہ ایئر پورٹ پر تعینات کسٹمز افسران کو ایک عربی پر شک گزرا۔

جس پر اُس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے چائے کے بیس ڈبوں میں سے کُلی طور پر تقریباً 14 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی۔ ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح ایک اور کارروائی میں کسٹمز حکام نے ایک افریقی خاتون کی جانب سے منشیات کی 500 گرام کی مقدار سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کسٹم حکام کے مطابق شک پڑنے پر افریقی ملزمہ کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے منشیات کی مقدار برآمد ہوئی۔

ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران کویت کے ایئرپورٹس پر منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ جس کے باعث بہت بڑی تعداد میں منشیات کی برآمدگی ہوئی ہے اور اس مکروہ فعل میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے بعد سخت سزائیں سُنائی ہیں۔

متعلقہ عنوان :