محکمہ کا 2ارب 50لاکھ روپے پر مشتمل ترقیاتی بجٹ مالی سال کے اختتام سے قبل خرچ کرلینگے،راجہ نصیر احمد خان

بنیادی مسائل کے حل اور ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا کلیدی کردار ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،وزیر بلدیات لوکل گورنمنٹ و دیہی آزاد کشمیر

جمعہ 22 جون 2018 17:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) وزیر بلدیات لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے کہا ہے کہ محکمہ کا 2ارب 50لاکھ روپے پر مشتمل ترقیاتی بجٹ مالی سال کے اختتام سے قبل خرچ کرلینگے ۔ اپوزیشن کی جانب سے تاخیر سے ملنے والی سکیموں اور پالیسی میں تبدیلی کیوجہ سے بروقت اخراجات ممکن نہ تھے دوماہ ہوئے ہیں وزارت کا قلمدان سنبھالے اس دوران والدہ کے انتقال کیوجہ سے ایک ماہ کام ہی نہیں کرسکا تاہم محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اندر اس وقت جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے ۔

موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کیلئے پالیسی وضع کرلی ہے ۔ آئندہ ماہ جولائی کے آغاز میں ہی ممبران اسمبلی اور دیگر متعلقین سے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات مانگ لیں گے تاکہ بروقت ضروری دفتری و کاغذی کارروائی مکمل کرکے سیزن شروع ہوتے ہی ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

اپنے آفس چیمبر میں صحافیوں کے ایک گروپ کیساتھ بات چیت کے دوران راجہ نصیر احمد خان نے کہا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کا عوام کیساتھ براہ راست تعلق ہے ۔

بنیادی مسائل کے حل اور ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا کلیدی کردار ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوتے ہی آزاد کشمیر کے اندر کمیونٹی انفراسٹرکچر پروگرام شروع کیا جس کے تحت گزشتہ دو سالوں کے دوران تقریباً 3ارب روپے سے زائد کی رقم بنیادی مسائل کے حل کیلئے خرچ کی گئی ہے ۔

آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ لوکل گورنمنٹ کے فنڈز سے برقیات اور صحت عامہ کے نظام کی بہتری کیلئے عملی اقدام اٹھائے گئے ہیں ۔ آج آزاد کشمیر کے ہر کونے میں کیل سے افتخار آباد تک تعمیر و ترقی کے بنیادی کام جاری ہیں جن میں راستوں ، سڑکوں کی بہترگی و پختگی ، نالیوں کی تعمیر ، سیوریج کے نظام کی بحالی ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فنڈز مہیا کئے گئے ہیں ۔

مسلم لیگ ن کی حکومت نے تعمیر و ترقی کیلئے ترجیحات طے کررکھی ہیں ۔ ہر حلقہ انتخاب میں 5کروڑ روپے سے زائد کے منصوبہ جات پر کام جاری ہے ۔اگر یہ سلسلہ آئندہ دو سال تک جاری رہا تو نہ صرف بنیادی مسائل حل ہوجائینگے بلکہ تعمیر و ترقی کیوجہ سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ راجہ نصیر احمد خان نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18کیلئے مختص 2ارب 50لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز خرچ کرنے کیلئے محکمہ کے اندر اس وقت جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے ۔

چونکہ اپوزیشن کیلئے فنڈز کی فراہمی میں پالیسی کی تبدیلی کیوجہ سے کچھ حلقوں کیلئے ترقیاتی فنڈز تاخیر سے جاری ہوئے اور اپوزیشن کی جانب سے منصوبوں کی تفصیلات بھی تاخیر سے ملی جنہیں 30جون سے قبل مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آزاد کشمیر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ میں گزشتہ دو سال کے دوران خرچ ہونے والے فنڈز اور مکمل کئے گئے منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں ۔

ایک پالیسی تشکیل دی گئی ہے اور ترجیحات واضح کی گئی ہیں جن کی روشنی میں ممبران اسمبلی اور دیگر متعلقین سے سکیموں کی تفصیلات لیکر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ذریعہ پی سی ون منظور کئے جارہے ہیں ۔ اب ممکن نہیں رہا کہ ہینڈ پمپ کے لئے رقم لیکر نالی کی پختگی پر خرچ کی جائے ۔ جو فنڈز جس مقصد کیلئے مہیا کئے جائینگے اسی پر خرچ ہونگے ۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اندر واضح پیغام موجود ہے کہ سستی اور کاہلی کیساتھ ساتھ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ۔

محکمہ کا بنیادی مقصد عوام کے تعاون سے بنیادی مسائل حل کرنا ہے اور ان بنیادی مسائل کے حل کیلئے حکومت کی جانب سے وافر فنڈز اور وسائل مہیا کئے گئے ہیں جنہیں بروئے کار لاکر سوفیصد نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ وزیر لوکل گورنمنٹ نے ایک سوال پر بتایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر کے اندر اپنے انتخابی وعدوں اور منشور کے مطابق ترقیاتی عمل جاری رکھے ہوئے ہے ۔ 2دوسال کی تکمیل کے بعد فرق واضح نظر آئے گا۔ حکومت نے ان دوسالوں کے دوران جو کام کئے ہیں ماضی کے 50سالوں میں ان کی مثال نہیں ملتی ۔ 13ویں آئینی ترمیم کی منظوری آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوگی ۔