ریشیاں ویلی میں سیاحت کافروغ‘عوام کا معیار زندگی بلندکرنااولین ترجیح ہے‘ ڈاکٹرمصطفی بشیرعباسی

ریشیاں آزادکشمیر کے خوبصورت ترین صحت افزا سیاحتی مقامات میں سے ہے‘نیلم کی طرح جہلم ویلی میں بھی سیاحت کے فروغ ، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے منظم منصوبہ بندی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، حلقہ6میں بلاتخصیص ترقیاتی کام کیا جارہاہے‘میری سیاست عوام کی بلاتخصیص خدمت کرنا ہے، خدمت کا یہ مشن جاری رکھیں گے‘علاقہ ریشیاں و کٹھہ کے وفد سے گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 17:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی،ممبرقانون سازاسمبلی حلقہ 6 ڈاکٹرمصطفی بشیرعباسی نے کہاہے کہ خطہ کے پسماندہ طبقات کا معیارزندگی بلند کرناحکومت کی اولین ترجیح ہے،نیلم کی طرح جہلم ویلی میں بھی سیاحت کے فروغ ، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے منظم منصوبہ بندی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ریشیاں ویلی آزادکشمیر کے خوبصورت ترین صحت افزا سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے ،یہاں ٹورازم کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے، حلقہ6میں بلاتخصیص ترقیاتی کام کیا جارہاہے،لوگ اپنے حقوق کیلئے متحدہو کر کام کریں،میری سیاست عوام کی بلاتخصیص خدمت کرنا ہے، خدمت کا یہ مشن جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے گذشتہ روز اپرطارق آباد خشخڑ میںغلام محمداعوان کی رہائش گاہ پرعلاقہ ریشیاں و کٹھہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پرسینٹرل پریس کلب مظفرآبادکے سیکرٹری مالیات،کالم نگار سفیراحمدرضا بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفد میں عبدالحمید مغل، رستم مغل،نواز اعوان، محمد شریف شیروانی،عبداللطیف مغل،بابر اعوان،محمد ریاض قادری،محسن رفیق، عمران حمیدودیگر عمائدین شامل تھے۔

وفد نے ممبراسمبلی کو علاقہ ریشیاں و کٹھہ کے مسائل اور عوامی مطالبات سے آگاہ کیا۔ ایم ایل اے ڈاکٹر مصطفی بشیرعباسی نے وفد کو یقین دلایا کہ علاقہ ریشیاں و کٹھہ کے جملہ مسائل بتدریج حل کئے جائیں گے اور ملازمتوںمیں بھی مناسب تناسب سے مقامی نوجوانوں کو ایدجیسٹ کروایا جائے گا، انہوںنے کہاکہ پورا حلقہ میری برادری ہے، حلقہ میں بلاتخصیص خدمت میرا نصب العین ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ریشیاں کے عوام سادہ لوح اور محنتی ہیں اور علاقہ سیاحت کے اعتبار سے آزادکشمیر کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک ہے یہاں سیاحت کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ حلقہ کے عوام کے حقوق اور ان کے مسائل کے لئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔عمائدین علاقہ نے ایم ایل اے ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کی جانب سے علاقہ ریشیاں و کٹھہ کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ اداکی اور انہیں یقین دلایا کہ عوام علاقہ ان کی پشت پر ہیں اور ہمیشہ ان کے دست و بازو بن کر ان کا ساتھ دیں گے۔