2سعودی خاندانوں کا امریکی آئل کمپنی پر 67ارب 292ملین ریال معاوضہ کا مطالبہ

کمپنی ان خاندانوں کی زمین ٹھیکہ کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی استعمال کرتی رہی

جمعہ 22 جون 2018 17:07

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) 2سعودی خاندانوں نے معروف امریکی آئل کمپنی پر 67ارب 292ملین ریال معاوضہ کا مطالبہ کردیا، کمپنی ان خاندانوں کی زمین ٹھیکہ کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی استعمال کرتی رہی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2سعودی خاندانوں نے ٹھیکے کی میعاد ختم ہوجانے کے باوجود زمین استعمال کرتے رہنے پر امریکہ کی مشہور تیل کمپنی سے 67ارب 292ملین ریال معاوضہ کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

2015کے دوران سعودی خاندانوں کو قاہرہ میں بین الاقوامی ثالثی کے مرکز نے فیصلہ دیدیا تھا۔ فیصلہ یہ تھا کہ امریکی کمپنی انہیں ان کی زمینیں استعمال کرنے کے بدلے 17.9ارب ڈالر کا معاوضہ دیگی۔ سعودی خاندانوں کے وارثوں نے امریکی ریاست کیلیفورنیا سے رجوع کرکے مذکورہ فیصلے پر عملدرآمد کا مطالبہ کردیا۔سعودی خاندانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے معاہدے کے بموجب 2005 میں اپنی زمینیں واپس حاصل کرنے کی کوشش کی تھی تاہم امریکی تیل کمپنی نے ان کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ان کی زمینیں ناحق استعمال کیں۔