اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے سٹیٹ بینک کو بزنس کمیونٹی کے تعاون سے منظم کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ، فیصل آباد چیمبر

جمعہ 22 جون 2018 17:21

اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے سٹیٹ بینک کو بزنس کمیونٹی کے تعاون سے ..
فیصل آباد۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) پاکستان کا معاشی مستقبل براہ راست اسلامی بینکاری سے منسلک ہے تاہم اس کے فروغ کیلئے سٹیٹ بینک کو بزنس کمیونٹی کے تعاون سے منظم اور مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عثمان رؤف نے سٹیٹ بینک میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے سلسلہ میں ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر اسلامی ملک ہے یہاں کی مسلم آبادی ذہنی، مذہبی، دینی اور فکری رجحانات کی وجہ سے اسلامی بینکاری سے خصوصی رغبت رکھتی ہے مگر ان کا ایک بڑا طبقہ مجبوری کی وجہ سے رُبا پر مبنی نظام کو اختیار کرنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے پاکستان میں تیزی سے پھیلتے ہوئے اسلامی نظام پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے سٹیٹ بینک کو بطور ریگولیٹر مزید مراعات اور سہولتیں دینی چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد بنیادی طور پر صنعتی ، کاروباری اور تجارتی شہر ہے اس لئے یہاں اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے لوگوں کو فوری آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے سٹیٹ بینک اور دیگر اسلامی بینکوں سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوںنے مزید بتایا کہ لوگوں کو صنعت و تجارت سے متعلقہ آگاہی دینا ایوان صنعت و تجارت کے مینڈیٹ کا اہم حصہ ہے جبکہ فیصل آباد چیمبر کے ممبران کی تعداد چھ ہزار سے زائد ہے جن کی سہولت کیلئے وقتاً فوقتاً مختلف موضوعات پر آگاہی سیمینار منعقد کرائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکاری کے بارے میں آگاہی سیمینار سے فیصل آباد کی کاروباری برادری کو اسلامی بینکاری کے عملی پہلوؤں سے زیادہ بہتر طور پر سمجھنے اور ان کو اپنانے میں مدد ملے گی۔ مزید برآں اسلامی بینکاری سے ہماری قومی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ عثمان رؤف نے فیصل آباد چیمبر کے ممبران کی سہولت کیلئے اسلامی بینکاری بارے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی تا کہ اس نظام بارے ان کے خدشات کو فوری دور کیا جا سکے۔

اس موقع پر سٹیٹ بینک کے ڈپٹی چیف منیجر محمد اکبر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون کو سراہا اور بتایا کہ جولائی کے آخر یا اگست کے شروع میں فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کیلئے اسلامی بینکاری بارے آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا جائیگا۔ سیمینار میں اسلامی بینکاری سے وابستہ بینکوں کے سربراہوں کے علاوہ تاجروں اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :