سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط

جمعہ جون 17:18

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قبل از الیکشن دھاندلی ہے، ہم اس صورتحال میں بطور احتجاج الیکشن میں حصہ لیں گے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور وہ ان کے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر ریٹرننگ افسر نے کاغذات کی جانچ پڑتال کے لئے بلایا اور میرے سیاسی مخالف کو اس حوالے سے استثنیٰ دے دیا گیا مگر جب ہم نے احتجاج کیا تو انہیں 19 جون کو بلایا گیا اور علیم خان سے ریٹرننگ افسر نے کہا کہ آپ کیوں آئے، آپ جائیں اور اپنی مہم چلائیں۔

(جاری ہے)

آپ کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں۔ مگر جب میں ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوا تو مجھ سے انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کیا گیا۔

ایسے سوالات کئے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ میرے غیر ملکی دوروں اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے غیر ضروری سوالات کئے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر کو تبدیل کیا جائے۔ اگر یہی ریٹرننگ افسر برقرار رہے تو یہ قبل از وقت انتخاب دھاندلی ہوگی۔ ایسی صورتحال میں ہم بطور احتجاج الیکشن میں حصہ لیں گے اور مذکورہ ریٹرننگ افسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔