صوبائی وزیرٹرانسپورٹ میاں نعمان کبیر کا ارفع کریم ٹاور میں ٹرانسپورٹ کنٹرول روم کا دورہ

ْ ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی صوبائی وزیرکومیٹرو اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس پر بریفنگ میٹرو بس بلاشبہ عام آدمی کوبہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے، میاں نعمان کبیر

جمعہ 22 جون 2018 17:12

لاہور۔22 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) نگران صوبائی وزیربرائے ٹرانسپورٹ میاں نعمان کبیر نے جمعہ کو ارفع کریم ٹاورمیں ٹرانسپورٹ کنٹرول روم کا دورہ کیا‘ منیجنگ ڈائریکٹر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم نے صوبائی وزیر کومیٹرو اورنج ٹرین اور میٹرو بس پربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا ہرپراجیکٹ اپنی جگہ خاص اہمیت کا حامل ہے‘ جس سے ہر خاص وعام استفادہ کر رہاہے‘ میٹرو کی فیڈر بسوںکے حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے سبطین فضل حلیم نے بتایا کہ آرام دہ سفر اور وقت کی پابندی کی وجہ سے فیڈر بسوں کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے‘ فیڈربسوں سے استفادہ کرنیوالوں میں زیادہ تر روزانہ سفر کرنے والے طلباء و طالبات اور ملازمت پیشہ افراد کی ہے‘ کارڈ کے استعمال پر میٹرو بس میں خصوصی رعایت بھی سواری کی مقبولیت کا سبب بن رہی ہے‘ میٹرو اورنج لائن ٹرین پر بریفنگ دیتے ہوئے سبطین فضل حلیم نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک پراجیکٹ کا حصہ ہے‘ انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ اورنج لائن ٹرین پر کام تیزی سے جاری ہے‘ جلد ہی عوام فلاحی بہبودکے اس منصوبہ سے مستفید ہوسکیں گے‘ صوبائی وزیر نے کنٹرول روم میں ہونیوالے کام کوسراہتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملہ کی تعریف کی جوروٹس اور بسوں کی صفائی ستھرائی کویقینی بنانے کیلئے مسلسل نگرانی کی خدمات پیش کر رہا ہے‘ اس موقع پر سبطین فضل حلیم کے ساتھ منیجنگ آپریشنز ٹیکنیکل رضوان عزیز اور جنرل منیجر فنانس آصف سہیل بھی شریک تھے۔