ساؤتھ افریقین باشندے نے دس لاکھ ڈالر کی لاٹری جیت لی

جی لبے پچھلے دو سال سے دُبئی ڈیوٹی فری کی ریفل ٹکٹس خرید رہا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 جون 2018 17:19

دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جُون 2018ء) دُبئی ڈیوٹی فری کی دس لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی لاٹری دُنیا بھر میں اور متحدہ عرب امارات میں بہت زیادہ شہرت کی حامل ہے۔ اس خطیر رقم والی لاٹری کا پہلا انعام جیتنا ہر ٹکٹ ہولڈر کااولین خواب ہوتا ہے۔ اب کی بار خوش نصیبی کا ہُما جنوبی افریقہ کے اُدھیڑ عمر شخص کے سر پر بیٹھا ہے۔ جنوبی افریقہ باشندہ دُبئی ڈیوٹی فری ملینیم ملینیئر پروموشن کی لاٹری جیت لی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والا جی لُبے پچھلے دو سال سے ریفل ٹکٹس خرید رہا تھا۔ اب کی بار قسمت نے اُس کا ساتھ دے ہی دیاجب اُس کا دس لاکھ امریکی ڈالر کا لاٹری انعام نکل آیا۔ 51 سالہ جی لُبے کے مطابق وہ پچھلے دو سال سے ٹکٹس خرید رہا تھا مگر ہر بار اُسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس بار کامیابی اُس کی جھولی میں آ گری۔

جی لُبے کا تعلق جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ سے ہے۔ وہ قدرتی وسائل کے شعبے سے جُڑی ایک کمپنی میں ملازم ہے اس کے علاوہ اُس کا اپنا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بزنس بھی ہے۔ جی لُبے نے 10 مئی 2018کو اپنے لکی نمبرز 2166پر مشتمل آن لائن ٹکٹ خریدا تھا جو اس کے لیے بہت بڑی خوش نصیبی کا باعث بن گیا۔ جی لُبے کے مطابق وہ ایک مذہبی آدمی ہے اور اپنے مذہبی عقیدے پر پختہ یقین کے ساتھ ٹکٹ خریدتھا تھا۔

اُس کے مطابق ’’مجھے ہمیشہ سے اُمید تھی کہ میں یہ انعام جیتوں گا۔ میں دُبئی ڈیوٹی فری والوں کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی طرف سے قرعہ اندازی کے دیئے گئے موقعے کے باعث میں یہ انعام جیتنے میں کامیاب ہوا۔ جی لُبے چوتھا جنوبی افریقی شہری ہے جس نے دُبئی ڈیوٹی فری لاٹری ٹکٹ جیتا ہے۔ اس لاٹری ٹکٹ کا آغاز 1999ء میں کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ لاٹری بھارتی باشندے نے جیتی تھی جبکہ دُوسرا انعام پاکستانی خاتون کے حصّے میں آیا تھا۔