ازبک سفیر کی پاکستانی تاجروں کو مشترکہ منصوبہ سازی کی دعوت

جمعہ 22 جون 2018 17:35

ازبک سفیر کی پاکستانی تاجروں کو مشترکہ منصوبہ سازی کی دعوت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقوف نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستانی تاجرازبکستان کے تاجروں سے مل کر فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، فرٹیلائزر اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کریں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے، دونوں ممالک اس حوالے سے وسیع پوٹینشل رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان پاکستانی فارماسیوٹیکل مصنوعات میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ۔ انہوں نے سیاحت، زراعت، فوڈ پراسیسنگ، آٹوموبیل، تعمیرات اور کیمیکل کے شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور چیمبر کو ایک تجارتی وفد ازبکستان بھجوانے کی دعوت بھی دی۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ باہمی تجارتی و معاشی تعلقات کو استحکام دینے کے لیے ٹریڈ ڈپلومیسی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان بہترین تعلقات کے حامل ہیں جس کی جھلک باہمی تجارت میں بھی نظر آنی چاہیے۔ دونوں ممالک کے سفارتخانوں کے کمرشل سیکشنز کو مارکیٹوں کے بارے میں سروے رپورٹس مرتب کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں کا انعقاد ہمیشہ باہمی تجارت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے لہذا دونوں ممالک کو اس جانب توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے دونوں ممالک کے تجارتی اداروں کے درمیان مستقبل روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :