علی عدلیہ کے احکامات جو بھی ہوں گے اس پر فوری عملد آمد کیا جائے گا،سیکرٹری اسکول ایجوکیشن

جمعہ 22 جون 2018 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) محکمہ اسکول ایجوکیشن کی سیکریٹری عالیہ شاہد نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر سال2012ء میں بھرتی ہونیوالے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے حوالے سے محکمہ ایجوکیشن نے اب تک کیا کام کیا فی الوقت میرے علم میں نہیں کیونکہ میں نے عہدے کی ذمہ داری ابھی سنبھالی ہے مگر اعلی عدلیہ کے احکامات جو بھی ہوں گے اس پر فوری عملد آمد کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین ظہیر احمد بلوچ کی ہدایت پر ملنے والے اساتذہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ۔وفد میں ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنماآفتاب میمن ،محمد ارشاد ،محمد اسحاق ،غزالہ بلوچ اور افضل کوریجو شامل تھے ۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی سیکریٹری عالیہ شاہد نے ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ6برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے حوالے سے سابق سیکریٹری نے جو بھی کام کیا اس کا مطالعہ کرنے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کروں گی ۔

(جاری ہے)

سیکریٹری اسکو ل ایجوکیشن عالیہ شاہد نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے اور کم وقت میں زیادہ کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کے محکمہ جاتی قواعد و ضوا بط کے تحت ہی سال2012ء کے اساتذہ کے مسئلے حل کریں گے حقداروں کیساتھ نا انصافی نہیں ہو گی۔اس موقع پر ٹیچرز ایسوسی ایشن سند ھ کے وفد نے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کو اپنے مشکلا ت سے آگاہ کیا اور سال2012ء کے اساتذہ کا معاملہ جلد حل کرنے کی درخواست کی ۔