معروف قوال امجد صابری کو دنیائے فانی سے بچھڑے 2 برس بیت گئے

جمعہ 22 جون 2018 19:20

معروف قوال امجد صابری کو دنیائے فانی سے بچھڑے 2 برس بیت گئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) معروف قوال امجد صابری کو دنیائے فانی سے بچھڑے 2 برس بیت گئے۔امجد صابری دو برس قبل 22 جون کو رمضان المبارک کے دوران ایک نجی ٹی وی چینل کی ٹرانسمیشن میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ انہیں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی میں معروف قوال صابری گھرانے میں آنکھ کھولی، ان کے والد غلام فرید صابری بھی قوالی کی دنیا کا مشہور نام تھے۔

(جاری ہے)

امجد صابری نے 1988 میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے سب کے دلوں میں گھر کرلیا۔امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت تک میں اپنی آواز کا جادو بکھیرا۔ انہوں نے اپنے والد اور چچا مقبول صابری کی مشہور زمانہ قوالی تاجدار حرم کو اتنی خوبصورتی سے پڑھا کہ شہرت کی بلندیاں چھو لیں۔ان کی مقبول قوالیوں میں ’تاجدار حرم‘، ’بھر دو جھولی‘، ’علی کے ساتھ ہے زہرہ کی شادی‘، ’میرے خواجہ پیا‘ اور دیگر شامل ہیں۔