بیوروکریسی میں تبادلوں کا جھکڑ تھم نہ سکا

اسٹیبشلمنٹ ڈویژن نے مزید 12 سے زائد افسران کے تبادلے کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا،آئندہ 48گھنٹوں میں درجنوں دیگر اعلیٰ افسران کے تبادلوں کا امکان

جمعہ جون 19:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) بیوروکریسی میں تبادلوں کا جھکڑ تھم نہ سکا ،اسٹیبشلمنٹ ڈویژن نے مزید 12 سے زائد افسران کے تبادلے کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔گریڈ 20کے رفعت مختار، گریڈ 18کے محمد فیصل ، گریڈ 19 کے کامران یوسف ، گریڈ19کے محمد ایاز سلیم ،گریڈ19کے اصرار احمد،گریڈ 20 سرفراز ورک ،گریڈ20کے اختر عباس اور محمد وقار عباسی اور سابق آرپی او راولپنڈی وصال فخرسلطان، موٹروے پولیس کے گریڈ20کے افسر عباس احسن کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ گریڈ 20کے طارق عباس قریشی ،گریڈ20کے سعد اختر ، نیشنل ہائی ویزے میں گریڈ 20کے عمر شیخ ، ایف آئی اے میں تعینات گریڈ18کے سید احمد فواد، گریڈ 20کی آمنہ عمران خان ، جوائنٹ سیکرٹری قانون وانصاف ظفر نصراللہ خان کی خدمات پنجاب کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گریڈ 21کے سابق ڈی سی او راولپنڈی امداد اللہ بوسال کو ایڈیشنل سیکرٹری برائے اکنامک افیئر تعینات کرنے کے احکامات دیے گئے اور سیکرٹری اوورسیز پاکستانیزہاشم پوپلزئی کو انسانی حقوق ڈویژن کا اضافی چارج دیا گیا۔اس موقع پر گریڈ22 کی رابعہ جویری آغا کی بیرون ملک رخصت کے حوالے سے درخواست کومنظور کرنے کا بھی نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے ۔

سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی خضرحیات کی بیرون ملک رخصت کے حوالے سے چھٹی کو منظورکرتے ہوئے ان کی عدم موجودگی میں ایڈیشنل سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی شکیل ملک انچارج ہوں گے جبکہ پولیس سروس گریڈ20کے طارق عباس قریشی اور سعد اختر کی چھٹی منسوخ کردی گئی ہے اور دونوں افسران کو پنجاب پولیس میں رپورٹ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔اسٹیبلشمنٹ ذرائع کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں درجنوں دیگر اعلیٰ افسران کے تبادلوں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں جن کے جلد نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے امکانات ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ظفر ملک