Live Updates

چوہدری نثار کے بعد زعیم قادری کی پریس کانفرنس واضح اشارہ ہے لوگ شریف خاندان کی مزید غلامی نہیں کرسکتے جمشید اقبال چیمہ

جمعہ 22 جون 2018 19:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر، این اے 127سے نامزد امیدوار جمشیداقبال چیمہ نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کے بعد زعیم قادری کی پریس کانفرنس واضح اشارہ ہے کہ (ن) لیگ میں موجود لوگ اب سلطنت شریفیہ کی مزید غلامی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ،پیپلز پارٹی نے گزشتہ پانچ سال اپوزیشن کا کردارادا کرنے کی بجائے حکومت کی کرپشن پر نہ صرف آنکھیں بندرکھیں بلکہ عوام کا خو ن چوسنے میں اس کا برابر ساتھ دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 127کی مختلف یونین کونسلوںمیں ٹیموں کی تشکیل کے لئے نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے مقامی کارکنوںنے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلا ن کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ادوار کا جائزہ لیں اور دیکھیں کیا ا ن کی زندگیوںمیں خوشحالی اور آسودگی نے دستک دی ہے ۔ ایک ماچس کی ڈبی پر بھی ٹیکس وصول کرنے والی ریاست کی جانب سے عوام کو معیاری تعلیم ،صحت سمیت زندگی کی دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی گئی ہیں ۔دوسری جانب شریفوں اور زرداری خاندانوں کے سامنے آنے والے اثاثہ جات کا سن عوام کی آنکھیںکھلی کی کھلی رہ گئی ہیں۔

جمشید چیمہ نے کہا کہ خدارا عوام اپنے بارے میںخودسوچیں اور اگر اب بھی ووٹ کی طاقت کے استعمال کو صحیح بروئے کار نہ لایا گیا تو ہمارے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ بچے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں زراعت اور صنعت تباہی کی جانب گامزن ہیں، ہرسال لاکھوں لوگ روزگار کیلئے مارکیٹ میں آرہے ہیں لیکن انہیں نوکریاں میسر نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اگر ہم بطوراپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کی طرح کردارادا کرتے تو حکمرانوں کی پانامہ سمیت اربوں ،کھربوں روپے کی کرپشن کبھی بھی قوم کے سامنے نہ آتی ۔(ن) لیگ والے دوسروں پر تو تنقید کرتے ہیں لیکن زعیم قادری کی پریس کانفرنس نے ٹکٹوں کی تقسیم میںمسلم لیگ کے میرٹ کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات