جیکب آباد میں الیکشن ڈیوٹی کرنے والاعملہ ووٹ نہیں دیتا ، ضلعی الیکشن کمشنر

پورے ملک میں ووٹوں کے اندراج کے ساتھ ووٹ کاسٹنگ بڑھانے کے لیے بھرپور مہم چلائی گئی تاکہ ووٹ ڈالنے کی شرح بڑھ سکے، بیان

جمعہ 22 جون 2018 19:34

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) جیکب آباد میں الیکشن ڈیوٹی کرنے والاعملہ ووٹ نہیں دیتا ،ضمنی انتخابات میں بھی کسی نے ووٹ نہیں دیاتھا ،پوسٹل بیلٹ پیپر کا طریقہ کار موجود ہے پرکوئی اس پر عمل نہیں کرتا :ضلع الیکشن کمشنر تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پورے ملک میں ووٹوں کے اندراج کے ساتھ ووٹ کاسٹنگ بڑھانے کے لیے بھرپور مہم چلائی گئی تاکہ ووٹ ڈالنے کی شرح بڑھ سکے پر الیکشن ڈیوٹی دینے والے عملے کے ووٹ کاسٹنگ کویقینی بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے جیکب آبادمیں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں 472پریزائڈنگ آفیسر ،3128اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر اور 1564پولنگ آفیسر سمیت کل 5164عملہ ڈیوٹی دے گا سیکورٹی فورسزکے اہلکار اس کے علاوہ ہیں جو الیکشن کی ڈیوٹی کی وجہ سے ووٹ دینے کے حق سے محروم رہ جاتے ہیں 2013کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپر کے لیے صرف 13درخواست موصول ہوئی تھیں جن میںسے ایک ووٹ مستردہواتھا جیکب آبادکے صوبائی حلقہ پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں تو کسی نے بھی الیکشن ڈیوٹی کرنے والے عملے سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں ڈیوٹی کرنے والے جیکب آبادکے رہائشی سرکاری ملازمین نے بھی ووٹ ڈالنے کا قومی فریضہ ادانہیں کیااس حوالے سے الیکشن کمیشن اور رٹرننگ افسران کو چاہیے کہ الیکشن میں ڈیوٹی دینے والے عملے کو ووٹ ڈالنے کا پابند بنائیں عام شہریوں کا کہناہے کہ جب الیکشن کمیشن آف پاکستان عام آدمی کو ووٹ ڈالنے کے لیے آگاہی دیتی ہے تو پھر جو ان کے اختیار میں ہے ان ملازمین کے ووٹ کاسٹنگ کو یقینی کیوں نہیں بناتی ،اس سلسلے میں ضلع الیکشن کمشنر جیکب آباد پرویزاحمد کلوڑنے بتایاکہ الیکشن ڈیوٹی کرنے والے عملے سمیت جیکب آبادکے وہ رہائشی جن کا ووٹ جیکب آبادمیںداخل ہے پروہ ملک کے دیگر علاقوں میںسرکاری ملازمت کرتے ہیں وہ پوسٹل بیلٹ پیپر کے ذریعے ووٹ دے سکتے ہیںاس کے لیے ان ووٹرزکو متعلقہ رٹرننگ افسرکوڈاک کے ذریعے درخواست ارسال کرناہوگی جس کے لیے آخری تاریخ 5جولائی ہے جبکہ الیکشن ڈیوٹی کرنے والاعملہ 10جولائی تک پوسٹل بیلٹ پیپر کے لیے درخواست دے سکتاہے ۔