مخالفین نکئی خاندان نے اپنے 40سالہ دور اقتدار میں پتوکی شہر کے لئے کوئی کام نہیں کیا، رہنما مسلم لیگ (ن)

جمعہ 22 جون 2018 19:34

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) مسلم لیگ ن کے امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 140رانا محمد حیات خاں نے گارڈن ٹائون پتوکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نکئی خاندان نے اپنے 40سالہ دور اقتدار میں پتوکی شہر کے لئے کوئی کام نہیں کیا انہوں نے صرف اقتدار کے مزے لوٹے ہیں ،انہیں عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ۔یہ منتخب ہو کر علاقہ سے غائب ہو جاتے ہیں جبکہ ہم نے دور میں پتوکی شہر اور حلقہ میں کارپٹ سڑکیں ،میٹھا پانی ، کمیونٹی سینٹر ، سرائے مغل بہڑوال کلاں اور پسماندہ دیہات میں بچیوں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے گھر کی دہلیز پر گرلز کالجز کی سہولت دی جو ن لیگ کی حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے ۔

رانا محمد حیات خاں نے کہا کہ مخالفین نے کبھی ایک جماعت سے وفاداری نہیں کی بلکہ ہر الیکشن میں نئی جماعت میں شامل ہو کر لوٹا کریسی کو فروغ دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 180سرائے مغل میں ان جاگیرداروں کے مقابلہ میں کوئی الیکشن میں حصہ نہیں لیتا تھا ۔حلقہ کی عوام سے مشاورت کے بعد کاغذات جمع کروائے ہیں ۔حلقہ این اے 140سمیت میرا اصل ٹارگٹ پی پی 180ہے جس کے لئے میں نے بھرپور پلان تیار کر رکھا ہے ۔

انشاء اللہ یہ سیٹ جیت کر علاقہ کے کسی غریب ورکر کو دیکر نکئی خاندان کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن کردوں گا ۔ہم حلقہ میں ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔انشاء اللہ جیت مسلم لیگ ن کا مقدر ہے ۔اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی محمود انور چوہدری ، مسلم لیگ ن سٹی پتوکی کے صدر پرویز اقبال بٹ ،چئیرمین میونسپل کمیٹی عمران شاہد بٹ ، وائس چئیر مین چوہدری رشید احمد ، کونسلرز مدثر چوہدری ، مرزا سجاد بیگ ، چوہدری مشتاق احمد ، ملک عاشق ، سعید احمد طاہر ،سماجی رہنماء ڈاکٹر عرفان برلاس ،شیخ اقبال ننھااور آ رائیں برادری کے سرکردہ رہنماء چوہدری شوکت بدر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر سابق ایم پی اے اور امیدوار حلقہ پی پی 179سے ناراض کونسلرز سے رانا محمد حیات خاں کی طرف سے صلح کے بعد تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اپنی مکمل سپورٹ کرنے کا اعلان کیا ۔رانا محمد حیات خاں نے کہا کہ منتخب ہونے کے بعد پتوکی شہریوں کو گھر گھر میٹھا پانی اور رہ جانے والے منصوبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروں گا ۔