ہیروئن سمگلنگ میں ملوث پی آئی اے ملازم فرخ عباس کی سزا کے خلاف اپیل خارج

جہاز کے عملے کے لوگ منشیات کے دھندے میں بیرون ملک پکڑے جاتے ہیں،جب ایسے لوگ پکڑے جاتے ہیں تو ملک کی بدنامی ہوتی ہے،جسٹس گلزار احمد کے ریمارکس

جمعہ 22 جون 2018 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) سپریم کورٹ نے ہیروئن سمگلنگ میں ملوث پی آئی اے ملازم فرخ عباس کی سزا کے خلاف اپیل خارج کردی، جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے کے لوگ منشیات کے دھندے میں بیرون ملک پکڑے جاتے ہیں،جب ایسے لوگ پکڑے جاتے ہیں تو ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں ہیروئن سمگلنگ میں ملوث پی آئی اے ملازم کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی،دوران سماعت جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس میں کہا کہ اسطرح کے لوگ ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں ، یہ کوئی عام نہیں پی آئی اے جہاز کا عملہ تھا، فرخ عباس سے 6 کلو ہیروئن پکڑی گئی، جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہا کہ جہاز عملے کے ناجانے کتنے لوگ اس مکرو دھندے میں ملوث ہیں، منشیات کے دھندے میں ملوث ایک بندہ پکڑا جاتا ہے 99 بھاگ جاتے ہیں ، جہاز کے عملے کے لوگ منشیات کے دھندے میں بیرون ملک پکڑے جاتے ہیں،جب ایسے لوگ پکڑے جاتے ہیں تو ملک کی بدنامی ہوتی ہے، عدالت نے مجرم فرخ عباس کی دس سال سزا کا فیصلہ برقرار رکھا،2012 میں پی آئی اے عملے کے فرخ عباس ہیروئن سمگلنگ کے دوران ائیر پورٹ سے پکڑے گئے تھے۔