Live Updates

روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے عوام کے کھانے، پہننے اور رہن سہن کے سب سے بڑے دشمن نکلے،فردوس شمیم نقوی

جمعہ 22 جون 2018 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر وحلقہ این اے 243 اورپی ایس 101 سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور چیئرمین عمران خان پاکستان کے سب سے بڑے لیڈر ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کراچی اور سندھ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور وہ آئندہ انتخابات میں حصہ لے کر مزید لوٹ مار کے منصوبے بنا رہی ہے۔

انہوںنے یہ باتیں اپنے حلقہ یو سی 18، گلشن اقبال کے دورے اور علاقہ مکینوں سے الیکشن مہم کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر پی ایس 102سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار ارسلان گھمن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مساوات پر یقین رکھتی ہے اور ہم اپنوں کو نوازنے کی بجائے میرٹ پر کیے گئے فیصلوں پر اعتبار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کا دس سالہ دورِ حکومت گواہ ہے کہ پی پی نے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے سوا اور کچھ نہیں کیا۔ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے عوام کے کھانے، پہننے اور رہن سہن کے سب سے بڑے دشمن نکلے۔ پاکستان تحریک انصاف آج لوگوں کے مسائل جانتی ہے اور انہیں حل کرنے کے لیے مخلص ہے۔ چیئرمین عمران خان پورے پاکستان بالخصوص سندھ کے لوگوں کی آخری امید ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات