کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا، اب ایسا نہیں ہونے دیں گے،مزمل اقبال ہاشمی

جمعہ 22 جون 2018 20:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر و حلقہ این اے 242,243 سے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام حلقوں میں گھر گھر انتخابی مہم چلائیں گے۔ کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا، اب ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ سیاستدان کو عوام کے مسائل کی نہیں اپنی جائیداد کی فکر رہتی ہے۔ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کی ہے۔

ہم صرف الیکشن میں نہیں الیکشن کے بعد بھی عوام کے ساتھ کھڑے ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال میں ملی مسلم لیگ کے ضلعی و علاقائی ذمے داران کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، جس میں کراچی کے تمام اضلاع و حلقوں کے ذمے داران نے شرکت کی۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ تمام حلقوں میں زبردست انتخابی مہم چلاکر بھرپور نتائج حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

کراچی کسی کی جاگیر نہیں یہ ہم سب کا شہر ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ماضی میں یہاں سے کامیاب ہونے والوں نے اس شہر کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ پانی، سیوریج، صحت و تعلیم کے مسائل بجائے حل ہونے کے مزید ابتر ہوچکے ہیں۔ ملی مسلم لیگ اس شہر کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام حلقوں میں گھر گھر جاکر اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدواروں کے لیے ووٹ کی درخواست کریں گے۔ ملی مسلم لیگ کے کارکنان اور ذمے داران بھرپور انداز سے انتخابی مہم چلائیں۔ ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کی صورت میں عام انتخابات میں بھرپور نتائج حاصل کریں گے۔ ان شاء اللہ جیت اسلام و پاکستان کے وفاداروں کی ہوگی۔