جی ڈے اے امیدوار اور لاڑکانہ عوامی اتحاد کے حمایت یافتہ امیدوار معظم علی خان عباسی نے الیکشن مہم تیز کردی

جمعہ 22 جون 2018 20:13

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) لاڑکانہ کے صوبائی حلقے پی ایس 11 پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کے مدمقابل جی ڈے اے امیدوار اور لاڑکانہ عوامی اتحاد کے حمایت یافتہ امیدوار معظم علی خان عباسی نے الیکشن مہم تیز کردی ہے جنہوں نے گذشتہ روز شہر کے اہم کاروباری مرکز ریشم گلی اور علی گوہر آباد محلہ میں تاجر اور شہریوں کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما عام انتخابات قریب آتے ہی کراچی چھوڑ کر ووٹ لینے کے لیے اپنے حلقوں میں پہنچ چکے ہیں جو گذشتہ پانچ سالوں سے غائب تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ کر رکارڈ کرپشن کی وہ اب عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں سرگرم ہوگئے ہیں لیکن لاڑکانہ اور سندھ کا عوام انہیں اس مرتبہ مسترد کرکے عبرت ناک شکست دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے پیپلز پارٹی میں رہ کر عوام کی خدمت کی اور اب ان سے کوئی تعلق نہ ہونے کے باوجود عوامی خدمت جاری ہے، ہمارا اور لاڑکانہ کے عوام کا رشتہ پرانا ہے جسے پیپلز پارٹی یا کوئی اور طاقت ختم نہیں کرسکتی۔