اقلیتوں کی جان مال عبادت گاہوں کا تحفظ ایم ایم اے کے منشور کا حصہ ہے ،محمد لئیق خان

جمعہ 22 جون 2018 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل کے حلقہ این اے 251سے امیدواور سابق رکن قومی اسمبلی محمد لئیق خان نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی جان مال عبادت گاہوں کا مکمل تحفظ تعلیم روزگار شہری حقوق کی ضمانت اور ان کے پرسنل لاز اور مذہبی رسوم کا احترام ایم ایم اے کے منشور کا حصہ ہے ۔دینی جماعتوں کا اتحاد انتخابات میں کامیابی کے بعدحکمرانوں ، منتخب نمائندوں، عدلیہ ، افواج اور انتظامیہ کا بلا امتیاز اور بے لاگ احتساب کرے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو اپنے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والی مسیحی کمینونٹی کے معززین سے ملاقات میں کیا ۔محمد لئیق خان نے کہا کہ ایم ایم اے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور انہیں معاشرے میں جائز مقام دلانے کیلئے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قوم نے اگر ایم ایم اے پر اعتماد کیا تو ہر شہری کے لیے تعلیم ، علاج اور روزگار کی یقینی فراہمی تمام غیر ضروری ٹیکسوں کا خاتمہ اور عام افراد کے لیے بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں کا مناسب ترین تعین کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ کراچی میں گزشتہ 30سال کے دوران نفرت کے بیج بوئے گئے ،ایم ایم اے نفرتوں کے خاتمے کے لیے میدان عمل میں ہے ۔ہم زبان رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔کراچی سے خیبرپختونخوا تک دینی جماعتوں کا اتحاد انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گا ۔لئیق خان نے کہا کہ میں نے پہلے بھی اس حلقے کے عوام کی خدمت کی ہے اور عوام نے دوبارہ موقع دیا تو میں ان کو مایوس نہیں کروں گا ۔جماعت اسلامی کی سیاست کا محور خدمت ہے اور ہم خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے میدان عمل میں ہیں ۔