امیرمقام پارٹی ٹکٹ کے معاملے میں ناراض کارکنوں کو منانے میں ناکام ہو گئے

جمعہ 22 جون 2018 20:34

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) مسلم لیگ ن کے صو بائی صدرانجینئر امیرمقام پارٹی ٹکٹ کے معاملے میں ناراض کارکنوں کو منانے میں ناکام ہو گئے ناراض کارکنوں نے صوبائی صدر سے ضلع صوابی میں پارٹی بچائو اور ضلعی صدر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ، جرگہ میں مسلم لیگ ن ضلع صوابی کے ٹکٹوں کی تقسیم ، ضلعی صدر کے نامناسب روئیے اور پارٹی میں گروپ بندی کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار رہا ، امیرمقام نے ناراض کارکنوں کو منانے کی کوشش کی ،اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے صوبائی صدر کو پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم ،ضلعی صدر شیراز خان کا کارکنوں کے ساتھ نامناسب رویہ اپنانے ،پارٹی کے اندر گروپ بندی اور اختلافات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اسے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ضلعی صدر شیراز خان کو پارٹی کی صدارت سے ہٹاکر پارٹی کو تباہی سے بچایا جائے ، اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے صوبائی صدر کو یقین دلایا کہ وہ کارکنوں کے ساتھ مشاورت کرکے آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ کرینگے ، صوبائی صدر انجینئر امیرمقام نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ن لیگ کی کامیابی کیلئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں ، ملک میں ن لیگ کی حکومت کی قیام اور نوازشریف کے ہاتھ مزید مضبوط کرنے کیلئے کارکنوں کا اتحاد وقت کا تقاضا ہے ، لہٰذا کارکنان پارٹی کے اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور انداز میں مہم چلائیں ،انہوں نے کہا کہ الیکشن میں صوبے کے عوام پی ٹی آئی کو یکسر مسترد کرینگے ،صوبوں کے علاوہ مرکز میں بھی ن لیگ کی حکومت بنے گی ، اجلاس میں ضلع بھر کے رہنمائوں ،نامزد اُمیدواروں اور کارکنوں نے شرکت کی ۔