پختونوں کی عزت و تحفظ اور بہبود و حقوق کا تحفظ قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے، آفتاب شیر پائو

خیبر پختونخوا کے عوام نے مختلف سیاسی جماعتوں کو آزمایا مگر ان کے معیار پر کوئی پورا نہ اتر سکا جس کی وجہ سے وہ ان سے مایوس ہو چکے ہیں، قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے، صوابی میں الیکشن آفس کا افتتاح کے موقع پر گفتگو

جمعہ جون 20:44

پختونوں کی عزت و تحفظ اور بہبود و حقوق کا تحفظ قومی وطن پارٹی کا نصب ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہاہے کہ پختونوں کی عزت و تحفظ اور بہبود و حقوق کا تحفظ قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اورقومی وطن پارٹی کے ہوتے ہوئے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوابی میں پارٹی کے الیکشن آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء حاجی غفران،طارق احمد خان، ضلع صوابی کے چیئرمین مسعود جباراور دیگر بھی موجود تھے۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ پختونوں کے حقوق و تحفظ اور بہبود کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے مختلف سیاسی جماعتوں کو آزمایا مگر ان کے معیار پر کوئی پورا نہ اتر سکا جس کی وجہ سے وہ ان سے مایوس ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 2013کے انتخابات میںپی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پراقتدار حاصل کیا مگر ان کی تبدیلی دھوکہ کے سوا کچھ نہیں کیونکہ گزشتہ پانچ سالوں میں صوبہ کی تعمیر و ترقی اور پختونوں کے بہبود و حقوق کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور پختونوں کومحض دھرنوں اور اسلام میں اقتدار کے حصول کیلئے استعمال کیا۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ اور ہر فورم پر پختونوں کی حالت بدلنے کیلئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام ایک تاریخی سنگ میل ہے جس سے دہائیوں سے پسماندہ رہ جانے والے قبائلی عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد وہاں پر قانونی اور انتظامی مشینری کو فعال بنانا چاہیے تاکہ قبائلی عوام کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد ضروری ہے کہ وہاں کے پسماندہ علاقوں کی جانب بھرپور توجہ دی جائے تاکہ ان علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کارکن 2018کے انتخابات کیلئے اپنی سرگرمیاں مزید تیز کردے اور پارٹی منشور اور پروگرام گھر گھر پہنچائے۔