’’اعتماد ‘‘ کا پاکستان سے عازمین حج کیلئے فری بائیومیٹرک تصدیق کرنے کا اعلان

جمعہ 22 جون 2018 20:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کیلئے بائیومیٹرک کی تصدیق لازمی قراردینے کے بعد ’’اعتماد ‘‘ نے پاکستان سے عازمین حج کیلئے فری بائیومیٹرک تصدیق کرنے کا اعلان کردیا۔ اعتماد کے کنٹری ڈائریکٹر طارق الہی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان سے ایک لاکھ 85ہزار عازمین حج کیلئے ’’اعتماد‘‘ بلامعاوضہ بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرے گا۔

تاکہ عازمین حج مقدس فریضہ سرانجام دے سکیں ۔ انہوںنے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ اعتماد کے دفترآنے سے پہلے اپنا قیمتی وقت بچانے کیلئے ویب سائٹ سے وقت لیکر اعتماد کے دفترجائیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے پرائیویٹ سکیم کے تحت حج ادا کرنے والے تمام عازمین حج کیلئے بائیومیٹرک تصدیق لازمی قراد دے دیا ہے ، اس سکیم کے تحت رواں سال تقریبا ایک لاکھ85ہزار عازمین حج مقدس فریضہ سرانجام دینگے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے تمام حج ڈائریکٹوریٹس کو ہدایات جاری کردی ہیں ، اس مقصد کیلئے عازمین حج کو انکے موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے مقررہ تاریخ اور وقت پر طے شدہ جگہوں پر جانے کی ہدایات جاری کی جائیگی۔اس سلسلے میں اعتماد کے کنٹری ڈائریکٹر طارق الہی کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں اعتماد کے 26دفاترموجود ہیں جہاں پر عازمین حج اپنے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل آسانی سے کرواسکتے ہیں۔ تاہم ان سے درخواست ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اعتماد کے دفاتر میں جائیںتاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزید معلومات کیلئے اعتماد کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔ ۔۔۔۔ ۔ شمیم محمود،