حیدرآباد کے شہری اب کسی لولی پاپ کو قبول نہیں کریں گے،سید فاروق مشتاق

خودساختہ ٹھیکیدار وں کو بہت جلد حقیقت کا ادراک ہوجائے گا۔ 2018ء میں حالات تبدیل ہوچکے ، اب وعدوں اور دعوؤں نہیں عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے،پاک سرزمین پارٹی کے امیدوار حلقہ این اے 226 کی وفد سے گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 21:06

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) حیدرآباد کے شہری اب کسی لولی پاپ کو قبول نہیں کریں گے۔ حیدرآباد کے خودساختہ ٹھیکیدار وں کو بہت جلد حقیقت کا ادراک ہوجائے گا۔ 2018ء میں حالات تبدیل ہوچکے ، اب وعدوں اور دعوؤں نہیں عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور گزشتہ 30سالوں کا حساب بھی لیں گے۔ ان خیالات کااظہار این اے 226 اور پی ایس 65 سے پاک سرزمین پارٹی کے اُمیدوار سید فاروق مشتاق نے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت گزر چکا ہے جب ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر کئے جانے والے فیصلے عوام پر مسلط کئے جاتے تھے اور عوام جبر کے ماحول میں یہ فیصلے قبول کرنے پر مجبور تھے لیکن اب پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی گزر چکا ہے۔پاک سرزمین پارٹی سیدمصطفی کمال اور انیس قائم خانی کی قیادت میں اس جبر اور خوف کے ماحول کو ختم کیا ہے اب عوام کو آزادانہ رائے کا حق ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام ان عناصر کا کڑا احتساب کریں اور ان سے گزشتہ 30 سال کی کارکردگی کا حساب لیں۔ انہوں نے کہاکہ ان ناکام عناصر کی نااہلی کا ثبوت پورا حیدرآباد ہی نہیں کراچی بھی دے رہا ہے۔ کراچی اور حیدرآباد میں ممبران کی بلدیاتی ایوانوں میں بے لگام اکثریت انہیں حاصل ہے لیکن کراچی اور حیدرآباد کوڑے دان اور گندے پانی کے تالاب میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اختیارات کا رونا رونے والے جواب دیں کہ جب یہ اختیارات عملاً چھینے گئے تو وزیر بلدیات کون تھا ، بلدیات کی آمدنی کے سب سے بڑے ذریعے محسود چنگی پر جب ڈاکہ ڈالا تو وزیر بلدیات کون تھا اب عوام باشعور ہوچکے ہیں۔