Live Updates

قوم اسلام آباد میں اسلام لانے کے لئے کتاب کے نشان پر مہر لگائے، پاکستان کا سنہرا مستقبل 25 جولائی کے انتخابات سے وابستہ ہے،شاہ محمد اویس نورانی

جمعہ 22 جون 2018 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ قوم اسلام آباد میں اسلام لانے کے لئے کتاب کے نشان پر مہر لگائے۔ پاکستان کا سنہرا مستقبل 25 جولائی کے انتخابات سے وابستہ ہے۔ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے دیندار امیدواروں کی جیت ضروری ہے۔

قوم دھرنا پارٹی کے جعلی نعروں کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔ قوم کی بیٹیوں کو سیاسی جلسوں میں نچانے والے اقتدار میں آگئے تو اخلاقی اقدار کا جنازہ نکل جائے گا۔ ووٹرز کتاب کے نشان پر مہر لگا کر اسلام سے محبت کا ثبوت دیں۔ کتاب کا نشان اسلام اور پاکستان کا نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے الیکشن سیل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ عمران خان نے اقتدار کی خاطر بے اصولیوں کی انتہا کر دی ہے۔ ایم ایم اے اقتدار میں آ کر عوام دشمن استحصالی نظام کا خاتمہ کرے گی۔ انقلاب نظام مصطفے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے 25 جولائی کے انتخابات بہت اہم ہیں۔ نظام مصطفے کے حق میں دیئے گئے ووٹ تبدیلی لائیں گے۔ یوٹرن خان نے لوٹاکریسی کی حوصلہ افزائی کر کے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔ وزیراعظم بننے کے لالچ میں لوٹوں کو گلے لگانے والا مفاد پرست ہے۔ ایم ایم اے نے ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ دینی کارکنان ایم ایم اے کے امیدواروں کی جیت کے لئے ساری توانائیاں وقف کر دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات