پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیموں پر حملوں کے باوجود کارروائی جاری

تین شہروں میںمزید37عطائیوں کے اڈے سربمہر کر دیے

جمعہ 22 جون 2018 21:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) ٹیموں پر جمعرات کو ہونے والے حملو ں کے باوجود پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے تین شہروں میں کارروائی جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز مزید 37 عطائیوں کے اڈے سربمہر کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق کمیشن نے لاہور ،شیخوپورہ اورقصور میں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔کمیشن کی ٹیموں نے ان شہروں کے مختلف علاقوں میں160علاج گاہوںپرچھاپے مارے ۔

سب سے زیادہ19 اڈے قصورمیں بند کیے گئے جبکہ لاہور میں 12اور شیخوپورہ میں چھ عطائیوں کے کاروبار بند کردیے گئے ۔ ریکارڈ کے مطابق کمیشن کی ٹیموںنے جن160مراکزکا دورہ کیا،ان میں سی53عطائیوں نے عطائیت ترک کر کے دوسرے کاروبار شروع کر دیے ہیں۔لاہور میں سیل کیے گئے اڈوں میںنوعام عطائی،دوجعلی دندان ساز اورایک عطائی حکیم بھی شامل تھا۔

(جاری ہے)

عام عطائی ،جو جنرل فزیشن بنے ہوئے تھے،ان میںمزمل کلینک،آصف کلینک،سمیع کلینک،عامر کلینک،وحید کلینک،ارشد کلینک،ایاز کلینک،خالد کلینک اور اللہ وسایا کلینک کو بند کیا گیا ہے۔

کاشف ڈینٹل کلینک اینڈ لیب اور لاہور ڈینٹل لیب کے علاوہ المدینہ شفاخانہ کو بھی سر بمہر کر دیا گیاہے۔پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ترجمان کے مطابق کمیشن کی ٹیمیں مختلف شہروں میں عطائیوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھیں گی اورعطائیت کے مکمل خاتمے تک کریک ڈائون کا تسلسل قائم رکھا جائے گا۔