انتخابات میں غلامان امریکہ رسوا اور غلامان رسول سرخرو ہوں گے، مودی کے یاروں کو ووٹ دینا ملک سے غداری ہو گی،حامد رضا

جمعہ 22 جون 2018 21:14

انتخابات میں غلامان امریکہ رسوا اور غلامان رسول سرخرو ہوں گے، مودی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ انتخابات میں غلامان امریکہ رسوا اور غلامان رسول سرخرو ہوں گے۔ مودی کے یاروں کو ووٹ دینا ملک سے غداری ہو گی۔ شریف خاندان نے جمہوریت کو بادشاہت میں بدل دیا ہے۔ ضعیم قادری جیسے گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی ہے۔ پنجاب حکومت کے سابق ترجمان کی بغاوت ن لیگ کے اندرونی انتشار کی دلیل ہے۔

پاکستان میں ڈیموکریسی لوٹا کریسی اور ایجنٹو کریسی بن چکی ہے۔ انتخابات کے نتیجے میں تبدیلی نہ آئی تو خونی انقلاب آئے گا۔ ملک بچانے کے لئے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا گٹھ جوڑ توڑنا ضروری ہے۔ چند خاندان ستر سال سے باری باری حکمرانی کر رہے ہیں۔ 25 جولائی عوام کے شعور کے امتحان کا دن ہے۔

(جاری ہے)

گیم ن لیگ کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پچھلے الیکشن کا پولنگ سٹاف تبدیل کیا جائے۔ شفاف الیکشن کے لئے نگران حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔ شریف خاندان کے وفادار سرکاری افسروں کے تبادلے کئے جائیں۔ ہماری حکمران اشرافیہ بدمعاشیہ بن چکی ہے۔ ووٹرز نے ووٹ کا درست استعمال نہ کیا تو اگلے پانچ سال پچھتائیں گے۔ عوام ختم نبوت سے غداری کرنے والوں سے نفرت کرتی ہے۔

امریکی و بھارتی لابی ن لیگ کے ساتھ ہے۔ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمن نواز شریف کے حامی ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 25 جولائی کو نوٹوں کی سیاست دفن کر دیں گے۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والا ہر فرد ہمارے ساتھ ہے۔ ہماری سیاست مفادات نہیں نظریات کے لئے ہے۔ پیسے کے زور پر الیکشن جیتنے کے خواب دیکھنے والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔