پاناما پیپرز میں معروف فٹبالر میسی کی آف شور کمپنی کا انکشاف

لیونل میسی اور ان کے والد کیخلاف پہلے ہی ٹیکس چوری کا مقدمہ چل رہا ہے اور اب نئی آف شور کمپنی سے انکی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے

جمعہ 22 جون 2018 21:14

پاناما پیپرز میں معروف فٹبالر میسی کی آف شور کمپنی کا انکشاف
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر اور کپتان لیونل میسی ایک اور مشکل میں پھنس گئے اور پانامہ لیکس کی نئی دستاویز میں اسٹار فٹبالر آف شور کمپنی کے مالک نکلے ہیں۔دو سال قبل جاری کیے گئے پانامہ پیپرز نے دنیا بھر میں ہنگامہ برپا کردیا تھا جس میں پاکستان سمیت دنیا کے متعدد حکمرانوں اور سیاستدانوں سمیت معروف شخصیات کی آف شور کمپنیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔

پانامہ پیپرز کی اب دوبارہ نئی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس میں میسی کی آف شور کمپنی کا انکشاف ہوا ہے۔لیونل میسی اور ان کے والد کے خلاف پہلے ہی اسپین میں ٹیکس چوری کا مقدمہ چل رہا ہے اور اب نئی آف شور کمپنی سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔میسی پر الزام ہے کہ ان کی یوراگوئے اور بیلز میں آف شور کمپنیاں ہیں اور اب انکشاف ہوا ہے کہ پاناما میں ان کی میگا اسٹار انٹرپرائز کے نام سے ایک اور آف شور کمپنی ہے۔

(جاری ہے)

جب 2016 میں میسی سے اسٹار انٹرپرائز کے متعلق سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ یہ کمپنی کام نہیں کر رہی لیکن پاناما پیپرز کی دستاویزات نے ان کے دعوں کو غلط ثابت کردیا ہے۔تاہم میسی کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ ایک پرانا معاملہ ہے جو کارپوریٹ اسکیم کا حصہ تھا اور اس کے مقدمے کا فیصلہ پہلے ہی سنایا جا چکا ہے، یہ کمپنی اب کام نہیں کر رہی۔۔