محکمہ تعلیم اور انڈی پینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ (آئی ایم یو)کے حکام ضلع بھر میں تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا عمل موثر طور پر جاری رکھیں،ڈپٹی کمشنرشانگلہ تاشفین حید ر کی ہدایت

جمعہ 22 جون 2018 21:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) ڈپٹی کمشنرشانگلہ تاشفین حیدر نے محکمہ تعلیم اور انڈی پینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ (آئی ایم یو)کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع بھر میں تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کا عمل موثر طور پر جاری رکھیںاور اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ صوبے کے ان پسماندہ اضلاع کے معیار تعلیم میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

وہ اپنے دفتر الپوری میں سکولوں کی مانیٹرنگ سے متعلق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں شانگلہ کی درسگاہوں کی نگرانی اور سہولیات کی بہتری کیلئے کئے امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیااور ضروری فیصلے کئے گئے اجلاس میں زنانہ و مردانہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ز، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسراور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ والدین نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی نے واضح کیا کہ تعلیم ایک اہم ترین شعبہ ہے۔ اس لئے حکام کا فرض ہے کہ معیار تعلیم کی بہتری کیلئے دن رات ایک کردیںاور قوم کا تابناک مستقبل یقینی بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں اور توانائیوں کو پورے اخلاص کیساتھ بروئے کار لائیں انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کی ترقیاں اُن کی ڈیوٹی پر حاضری کیساتھ ساتھ بہترین امتحانی نتائج سے مشروط کی گئی ہیںاسلئے وہ اپنے فرائض پوری تندہی اورخلوص دل سے انجام دیں۔